اسلام آباد اگست 19 (ٹی این ایس): چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی 25 سے 28 اگست کو پارلیمانی وفد کے ہمراہ متحدہ عرب امارات کا سرکاری دورہ کریں گے۔چیئرمین سینٹ کو اس دورے کی دعوت متحدہ عرب امارات کی حکومت نے دی ہے،اس اہم دورے کے دوران چیئرمین سینٹ اور پارلیمانی وفد متحدہ عرب امارات کی اعلیٰ سیاسی قیادت اور حکومتی سربراہان سے ملاقاتیں کریں گے۔دورے کا مقصد دونوں برادر اسلامی ملکوں کے درمیان سیاسی، سماجی اور اقتصادی تعلقات کے فروغ کے لئے پارلیمانی روابط کو مزید مستحکم بنانے کے ساتھ ساتھ کشمیر میں بھارتی مظالم اور جارحیت کے نتیجے میں علاقائی امن کو درپیش خطرات سے متحدہ عرب امارات کی قیادت کو آگاہ کرنا اور امن کے قیام میں پاکستان کی کوششوں کو اٴْجاگر کرنا ہے۔
اس سلسلے میں گفتگو کرے ہوئے چیئرمین سینٹ محمد صادق سنجرانی نے کہا کہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات خطے اورمسلم امّہ کے اہم ممبرز ہیں۔ ان دونوں ملکوں کو کشمیر کے اہم مسلے کے حل اور علاقائی امن کیلئے مشترکہ کوششیں کرنی چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے مابین معاشی تعاون کے فروغ کی بے پناہ استعداد موجود ہے۔ دونوں ممالک خطے کی ترقی و خوشحالی کیلئے مشترکہ ایجنڈے پر عمل پیرا ہو کر مزید بہتری لا سکتے ہیں۔
چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ دونوں ممالک کے مابین تاریخی و ثقافتی قدریں مشترک ہیں۔پاکستانیوں کی بہت بڑی تعداد متحدہ عرب امارات کی ترقی و خوشحالی میں اپنا کردار ادا کر رہی ہے۔ متحدہ عرب امارات کو پاکستان میں امن و امان کی بہتر صورتحال سے فائدہ اٹھا کر سرمایہ کاری کو فروغ دینا چاہیے۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ گوادر خطے کی ترقی اور سرمایہ کاری کا بہترین مرکز بن چکا ہے اس کی افادیت سے متحدہ عرب امارات اور دیگر علاقائی ممالک کو بھر پور فائدہ اٹھانا چاہئے۔ ملاقاتوں کے دوران دونوں ممالک کے درمیان دو طرفہ تجارت کے فروغ کے لئے قیادت کے مابین باہمی رابطوں اور پارلیمانی وفود کے تبادلوں میں اضافے پر زور دیا جائے گا۔