لاہورجولائی20(ٹی این ایس) صوبائی وزیر پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ پنجاب و چیئرمین کیبنٹ کمیٹی برائے فلڈ ملک ندیم کامران نے کہا ہے کہ حالیہ مون سون سیزن کے دوران غیر معمولی بارشوں اور سیلابی صورت حال اور دریاؤں میں طغیانی کے دوران ہنگامی صورت حال سے نمٹنے کے لئے تمام ادارے ریڈ الرٹ رہیں کسی ادارے کی غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی ،2010 ء اور 2014 میں آنے والے سیلابوں کے دوران بہت سے چیلنجز کا سامنا کرناپڑا جب تک ہم سب مل کر کام نہیں کریں گے اس وقت تک مطلوبہ نتائج حاصل نہیں ہوسکتے ،لوگوں کی جان ومال کی حفاظت کرنا ہمارے فرائض میں شامل ہے ۔ وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف نے سیلاب اور دیگر قدرتی آفات کے دوران اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھنے والے افراد کے لواحقین کی مالی امداد کی رقم 5 لاکھ سے بڑھا کر 8لاکھ روپے کر دی ہے تاہم بروقت امدادی سرگرمیوں سے قیمتی انسانی جانیں بچائی جاسکتی ہیں ۔اس امر کااظہار انہوں نے کمشنر آفس میں راولپنڈی ڈویثرن میں سیلاب سے نمٹنے کے لیے کئے گئے اقدامات کا جائزہ لیتے ہوئے کیا ۔ اجلا س میں راولپنڈی ڈوثیرن کے ڈپٹی کمشنرز نے اپنے اپنے اضلاع میں موسم برسات کے دوران کئے گئے اقدامات کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی ۔ اس موقع پر ایڈیشنل کمشنر کوآرڈینشن راولپنڈی طارق محمود ، میئرراولپنڈی سردار نسیم خان ، چیئرمین ڈسٹرکٹ کونسل جہلم ،ڈپٹی کمشنر ز اٹک ، جہلم ،چکوال ، اسسٹنٹ کمشنرز ، ڈائریکٹر آپریشن پی ڈی ایم اے لاہور محمد ساجد ، ایم ڈی واساراجہ شوکت چیف ایگزیکٹو ہیلتھ آفیسرز ڈاکٹر فیاض بٹ سمیت دیگر متعلقہ محکموں کے سربراہان موجو د تھے ۔صوبائی وزیر پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ پنجاب و چیئرمین کیبنٹ کمیٹی فلڈ ملک ندیم کامران نے ڈپٹی کمشنر ز کو ہدایت کی کہ ناجائز تجاوزات کے خلاف کامیاب جاری آپریشن مزید تیز کیا جائے تاکہ شہریوں کی مشکلات کو دور کیا جاسکے ۔ انہوں نے کہا کہ فلڈ کنٹرول رومز کے بارے میں لوگوں کو آگاہی دی جائے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورت حال کے دوران وہ بروقت رابطہ کر سکیں اور ان کی مدد کر کے بڑے نقصان سے بھی بچایا جاسکے ۔ انہوں نے کہا کہ سیلاب کے دوران جانوروں کو محفوظ جگہوں پر منتقل کرنے کے ساتھ ساتھ ان کی خوراک اور ویکسینشن کے انتظامات کیے جائیں ۔ صوبائی وزیر نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ سیلاب کی پیشگی اطلاع کو بروقت یقینی بنایاجائے۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب کی ہدایات کے مطابق صوبے میں فلڈ کنٹرول کے لیے تمام متعلقہ سرکاری محکموں اور اداروں کے مابین قریبی رابطہ کے لیے جاری کی گئی ہدایات پر سختی سے عمل درآمد کرایا جائے اور محکمہ موسمیات کی طرف سے حالیہ مون سون سیزن کے دوران جاری کی جانے والی فلڈ وارننگ اور بارشوں کی پیشگی گوئی کے مطابق ضروری حفاظتی اقدامات اٹھائے جائیں تاکہ شہریوں کی جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا جاسکے













