قوم کی بیٹی ڈاکٹر عافیہ کی والدہ عصمت صدیقی کی علالت شدت اختیار کرگئی

 
0
408

کراچی ستمبر 18 (ٹی این ایس): قوم کی بیٹی ڈاکٹر عافیہ کی والدہ عصمت صدیقی کی علالت شدت اختیار کرتی جارہی ہے۔ پوری قوم سے اپیل ہے کہ ان کی صحتیابی اور ڈاکٹر عافیہ کی جلد رہائی اور وطن واپسی کیلئے خصوصی دعائوں کا اہتمام کریں۔عافیہ موومنٹ میڈیا انفارمیشن سیل سے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق ڈاکٹر عافیہ کی والدہ عصمت صدیقی کی علالت شدت اختیار کرتی جارہی ہے ۔ وہ حالت علالت میں جرم بے گناہی کی پاداش میں امریکی جیل میں قید اپنی بیٹی ڈاکٹر عافیہ کو بار بار یاد کررہی ہیں۔
انہوں نے بستر علالت سے وزیراعظم عمران خان کو خط بھی ارسال کیا ہے۔ جس میں ان سے فوری طور پر گفتگو کی خواہش کا اظہار کیا ہے اور وہ وزیراعظم سے ملاقات کی متمنی بھی ہیں۔ انہوں نے خط میں عمران خان پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ وہ قوم کی بیٹی ڈاکٹر عافیہ کو وطن واپس لانے کا وعدہ ضرور پورا کریں گے۔ واضح رہے کہ گذشتہ چھ ماہ سے امریکہ میں تعینات پاکستانی قونصلرجنرل نے کارزویل جیل کا دورہ نہیں کیا جہاں قوم کی بیٹی ڈاکٹرعافیہ قید ہیں اور نہ ہی وزارت خارجہ نے قونصلر جنرل کی ڈاکٹر عافیہ سے ملاقات کی سابقہ رپورٹ ان کے اہلخانہ سے اب تک شیئر کی ہے۔
ڈاکٹر عافیہ کی رہائی اور وطن واپسی میں تاخیر اور گذشتہ کئی ماہ سے امریکی جیل سے ان کی خیریت کی خبر نہ ملنے کی وجہ سے بھی ان کی صحت پر گہرا اثر پڑا ہے۔