صحت مند معاشرےکیلئے کھیلوں کا فروغ ناگزیر ہے: ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری

 
0
23302

اسلام آباد نومبر 03 (ٹی این ایس): ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری نے کہا ہے کہ صحت مند معاشرے کی تشکیل کے لیے کھیلوں کو فروغ ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ جس ملک میں کھیلوں کے میدان آباد ہوتے ہیں وہاں ہسپتال غیر آباد ہوتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کھیلوں کے فروغ کے لیے ملک میں ترجیحی بنیادوں پر اقدامات اٹھا رہی ہے۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار انہوں نے بحریہ انکلیو اسلام آباد میں منعقدہ میرا تھن ریس کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ کھیل اور ورزش جسمانی صحت کے لیے ضروری ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جسم مضبوط ہو گا تو دماغ بھی صحت مند اور توانا ہو گا جس کی وجہ سے انسان کی سوچ مثبت ہو گی اور وہ معاشرے میں اپنا فعال کردار ادا کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان ایک بہتریں اتھلیٹ رہ چکے ہیں اور ہر مشکل کا مقابلہ کرنے کی بہترین صلاحیت رکھتے ہیں۔ انہوں نے اس اعتماد کا بھی اظہار کیا کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں موجودہ حکومت ملک کو درپیش مسائل کو حل کرنے میں کامیاب ہو گی جس سے ملک ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن ہو گا۔ ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری نے میرا تھن کے کامیاب انعقاد پر منتظمین کو مبارک باد دی اور ان کی کاوشوں کو سراہا۔بعدازاں ڈپٹی اسپیکر نے میرا تھن میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والوں میں ایوارڈ اور میڈل بھی تقسیم کیے۔