وطن عزیزکے بچے بچے کو زیور تعلیم سے آراستہ کرنا موجودہ حکومت کی اولین ترجیح ہے،

 
0
260

اسلام آباد جنوری 17 (ٹی این ایس): سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ وطن عزیزکے بچے بچے کو زیور تعلیم سے آراستہ کرنا موجودہ حکومت کی اولین ترجیح ہے، چین پاکستان اقتصادی راہداری کے مطابق تعلیمی ادارے قائم کر رہے ہیں، رشکئی اکنامک زون کا افتتاح بھی بہت جلد وزیراعظم عمران خان کریں گے جس سے روزگار کے وافر مواقع فراہم ہوں گے۔ قومی اسمبلی سیکرٹریٹ سے جاری بیان کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے پوسٹ گریجویٹ کالج، گوہاٹی، ضلع صوابی میں 90 ملین روپے کی لاگت سے آڈیٹوریم اور بلاک کا سنگ بنیاد رکھنے کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے مہنگائی پر قابو پانے کیلئے احکامات جاری کر دیئے ہیں جس کی باقاعدہ نگرانی کی جا رہی ہے، خود ساختہ مہنگائی کا بہت جلد خاتمہ ہو جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ یوٹیلیٹی سٹورز پر عوام کو سستی اور معیاری اشیاء کی فراہمی کیلئے حکومت نے فنڈز فراہم کر دیئے ہیں، عوام کو سہولیات دہلیز پر پہنچانے کیلئے تمام وسائل و مؤثر پیمانے بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ضلع صوابی میں تعلیمی اداروں کا جال بچھا دیا ہے جو آنے والی نسل کی کامیابی اور روشن مستقبل کے ضامن ہیں، صوابی بائی پاس کا بھی ٹینڈر جلد جاری ہو جائے گا۔ سپیکرقومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف نے تعلیمی اصلاحات میں جو وعدے کئے تھے ان پر کامیابی سے عملدرآمد جاری ہے، انشاء اللہ وہ دن دورنہیں کہ جب پاکستان کی شرح خواندگی 100 فیصد تک پہنچ جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ بچوں کو زیور تعلیم سے آراستہ کرنے کیلئے حکومت اقدامات اٹھا رہی ہیں تاہم والدین بھی بچوں کو تعلیم کے حصول کیلئے ماحول فراہم کریں۔ انہوں نے کہا کہ ضلع صوابی میں تعلیم، ترقیاتی منصوبوں، سوئی گیس اور بجلی سمیت شعبہ صحت کے حوالے سے خصوصی اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی زندگی کا نصب العین صرف اس ملک کی ترقی اور عوام کی فلاح و بہبود اور خوشحالی ہے، جس ایمانداری سے عمران خان اس ملک اور قوم کیلئے سوچ رہے ہیں اور محنت کر رہے ہیں وہ دن دورنہیں کہ جب پاکستان ترقی یافتہ ممالک کی صف میں کھڑا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ ان عارضی مشکلات کے خاتمہ کا وقت نزدیک ہو چکا ہے۔