سعودی گارڈ کی بائیک چوری ہونا اس کی خوش نصیبی بن گیا

 
0
437

ریاض جنوری 18 (ٹی این ایس): کسی بھی انسان کی کوئی قیمتی چیز چوری ہونا اس کے لیے دُکھ اور پریشانی کا باعث بن جاتا ہے اور اگر یہ معاملہ کسی غریب آدمی کے ساتھ ہو تو اس کا دُکھ اور تکلیف تو حد سے زیادہ ہوتی ہے، کیونکہ اس نے پائی پائی جوڑ کر اپنی یہ قیمتی شے بنائی ہوتی ہے۔ تاہم سعودی مملکت میں ایک سیکیورٹی گارڈ کی بائیک چوری ہونا اس کے لیے زحمت کے بجائے رحمت بن گئی۔
اُردو نیوز کے مطابق جدہ کے مرکزی علاقے میں ایک سعودی سیکیورٹی گارڈ کی موٹر سائیکل چوری ہو گئی۔ جس پر دل برداشتہ ہو کر اس نے سوشل میڈیا پر اپنی ویڈیو اپ لوڈ کرتے ہوئے بتایا کہ یہ بائیک اُس کے لیے بہت قیمتی تھی، کیونکہ اس کے بغیر اُسے ڈیوٹی دینے میں شدید دُشواری کا سامنا ہو گا۔ اس دوران وہ پھُوٹ پھُوٹ کر رو پڑا۔ اس کی آنکھوں سے بہنے والے آنسو دیکھ کر ویڈیو دیکھنے والے بھی آبدیدہ ہو گئے۔
یہاں تک کہ یہ ویڈیوسعودی شہزادہ عبدالعزیز بن فہد نے بھی دیکھی اور فوری طور پر اس سے رابطہ کر کے اسے 2 لاکھ ریال دینے کی خوش خبری سُنا دی۔ معاملہ یہیں پر ختم نہ ہوا بلکہ ایک اور شخص نے یہ دُکھ بھری ویڈیو دیکھنے کے بعد اس گارڈ کے اکاؤنٹ میں 20 ہزار ریال ٹرانسفر کر دیئے اور ساتھ ہی اسے نوکری کی بھی پیشکش کر دی۔ اس ویڈیو کو چند گھنٹوں میں ہی دو لاکھ سے زائد لوگوں نے دیکھ لیا۔
گارڈ کی اس چوری شدہ موٹر سائیکل کی قیمت صرف 15سو ریال تھی، جس کے بدلے وہ لاکھوں ریال حاصل کر چکا ہے۔ خود پر لوگوں کی جانب سے مہربانی کی برسات ہونے کے بعد ناصر حمود نامی گارڈ نے پہلی وڈیو کے چند گھنٹوں بعد ہی دوسری وڈیو سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کی جس میں اس نے شہزادہ عبدالعزیز بن فہد اور مخیر افراد کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا’ میں آپ سب کا خاص طور پر شہزادہ عبدالعزیز کا شکر گزار ہوں جنہوں نے میری فریاد سنی۔اب میر ی ہر ضرورت پوری ہو چکی ہے بلکہ مجھے بہت کچھ مل گیا جو میرے خواب و خیال میں بھی نہیں تھا۔“