اپوزیشن ہوگئی متحرک، حکومت کیلئے نیا چیلنج تیار

 
0
244

اسلام آباد فروری 15 (ٹی این ایس): وزیراعظم عمران خان نے جمعہ کو اسلام آباد میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ فضل الرحمان نے ملک کے خلاف سازش کی۔ مولانا نے خود کہا کہ وہ کسی ایجنڈے کے تحت حکومت گرانے آئے تھے۔ اس بنیاد پر ان کے خلاف آرٹیکل 6 کے تحت کارروائی کریں گے۔

دوسری جانب بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ اس طرح کے مقدمات بنانا حکومت کا چھوٹا پن ہوگا۔

وزیراعظم کے بیان کے بعد اپوزیشن کی جانب سے اس کی مذمت کی جارہی ہے۔ اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے کہا کہ عمران نیازی کو بیان دینے سے پہلے آئینہ دیکھنا چاہیے۔ وہ خود حکومت گرانے کیلئے طویل دھرنے دے چکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حادثاتی لیڈروں کا یہی المیہ ہے کہ وہ تاریخ سے واقف نہیں ہوتے۔ فضل الرحمان اس شخصیت کے فرزند ہیں جس نے پاکستان کا آئین بنایا۔ ترک صدر کے دورہ پاکستان کے موقع پر عمران نیازی کا بیان قابل افسوس ہے۔

مسلم لیگ نواز کے رہنما رانا ثنا اللہ نے نجی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت شوق سے فضل الرحمان پر آرٹیکل چھ کا مقدمہ بنائے۔ مولانا نے جو بات کہی، وہ ہم نے بھی سنی ہے۔ساری دنیا کے سامنے ہے۔ اس میں ایسی کوئی بات نہیں جسے قومی سلامتی کے خلاف سمجھا جاسکے یا جس کی بنیاد پر آرٹیکل چھ کا اطلاق کیا جائے۔