احساس آمدن پروگرام کا اجراء غریبوں کی آمدن بڑھانے کیلئے کیا جا رہا ہے،چیئرپرسن احساس پروگرام ڈاکٹر ثانیہ نشتر

 
0
561

لیہ۔ 21 فروری (ٹی این ایس) چیئرپرسن احساس پروگرام ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے کہا کہ احساس آمدن پروگرام کا اجراء غریبوں کی آمدن بڑھانے کیلئے کیا جا رہا ہے، وزیراعظم نے احساس آمدن پروگرام کے آغاز کیلئے لیہ کا انتخاب کیا، یہ چھوٹے اثاثے لوگوں کی مالی مشکلات کے خاتمہ میں معاون ثابت ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ 60 ہزار روپے لاگت کے یہ اثاثے مفت دیئے جا رہے ہیں، یہ قرضہ نہیں، 60 فیصد اثاثہ جات خواتین کیلئے مختص ہیں۔ انہوں نے کہا کہ احساس پروگرام کیلئے 15 ارب روپے مختص کئے گئے ہیں، 23 اضلاع کی 735 پسماندہ ترین یونین کونسلوں میں آغاز ہو چکا ہے، 2 لاکھ خاندان مستفید ہوں گے، 14 لاکھ سے زائد لوگوں کی زندگی پر اثر پڑے گا، اس کو مزید وسعت دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ضلع کی اوسط آمدن، صحت، تعلیم اور خوراک کے اہداف کو مدنظر رکھ کر اضلاع کی درجہ بندی کی گئی۔ ایسی دیہی یونین کونسلوں کا انتخابات کیا گیا جہاں پہلے کوئی سرکاری پروگرام نہیں چل رہا۔ وزیراعظم کی ہدایت پر پسماندہ طبقہ کیلئے مزید چار پروگرام جلد شروع کئے جائیں گے، میرٹ اور شفافیت کے ذریعے احساس پروگرام کو آگے بڑھایا جا رہا ہے۔ پروگرام سے مستفید ہونے والی کلثوم بی بی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے یہ بہترین پروگرام شروع کیا ہے، احساس پروگرام کے تحت آج ہم سر اٹھا کر جینے کے قابل ہو چکے ہیں، اس پروگرام سے پہلے ہماری زندگی بہت مشکلات کا شکار تھی، میں اب اپنے خاندانوں کی مؤثر دیکھ بھال کر سکوں گی۔ مقامی شاعر نوکر حسین نے سرائیکی میںکلام پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ پہلا وزیراعظم دیکھا ہے جس نے غریبوں کو اپنے ساتھ بٹھانا پسند کیا۔