اسلام آباد میں پاک فضائیہ کا ایف 16 طیارہ گر کر تباہ ہو گیا

 
0
569

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں پاک فضائیہ کا ایف 16 طیارہ گر کر تباہ ہو گیا۔
اسلام آباد مارچ 11 (ٹی این ایس): اسلام آباد میں شکر پڑیاں کے قریب پاک فضائیہ کا طیارہ گر کر تباہ ہو گیا۔ جو تربیتی پرواز پر تھا۔ طیارہ گرنے کے بعد دور سے ہی دھویں کے بادل اٹھتے دکھائی دیتے رہے۔ پاک فضائیہ کا طیارہ 23 مارچ کی تیاریوں کے حوالے سے ریہرسل پر تھا۔ جو گزشتہ ایک ہفتے سے جاری تھی۔ طیارہ آبادی سے جھاڑیوں میں گرا۔ سیکیورٹی اداروں کی ٹیمیں جائے حادثہ پر پہنچ گئیں اور علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔ جائے حادثے کی طرف جانے والے راستوں کو عارضی طور پر بند کر دیا گیا۔ نمائندہ ہم نیوز کے مطابق 23 مارچ کی پریڈ معمول کے مطابق ہو گی۔

کچھ ہی دیر میں امدادی ٹیمیں جائے حادثہ پر پہنچ گئیں اور امدادی کام کیا۔ ابتدائی طور پر کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔ ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق شکر پڑیاں کے قریب گرنے والے طیارے کے حادثے کی تحقیقات کے لیے انکوائری بورڈ تشکیل دے دیا گیا ہے جو حادثے کی وجوہات کا پتہ چلائے گا۔ واضح رہے کہ گزشتہ ماہ بھی پاک فضائیہ کے دو طیارے دوران پرواز گر کر تباہ ہو گئے تھے۔ 12 فروری کو خیبر پختونخوا کے علاقے تخت بائی مردان کے قریب پاک فضائیہ کا طیارہ گر کر تباہ ہوا تھا۔ اس سے قبل 7 فروری کو صوبہ پنجاب کے علاقے شورکوٹ کے قریب پاک فضائیہ کا طیارہ گر کر تباہ ہوا تھا، جس میں پائلٹ محفوظ رہا تھا جبکہ جنوری میں بھی پاک فضائیہ کے دو طیارے گر کر تباہ ہوئے تھے۔