ایران سے آنے والے زائرین تفتان سے کہاں منتقل کیے گئے؟

 
0
289

اسلام آباد مارچ 17 (ٹی این ایس): ایران سے آنے والے زائرین کو تفتان بارڈر سے لے کر دوبسیں سکھر کی لیبر کالونی پہنچیں جن میں مرد، خواتین اور بچے سوار تھے۔ انتظامیہ نے زائرین کو لیبر کالونی میں قائم آئسولیشن یونٹ منتقل کیا ہے جہاں انہیں 14 روز کے لیے قرنطینہ میں رکھا جائے گا اور اسکریننگ بھی کی جائے گی۔

تفتان بارڈرسے زائرین کو لیکر 10 بسوں پرمشتمل پہلا قافلہ ڈیرہ غازی خان میں قائم آئیسولیشن کیمپ پہنچ گیا ہے۔ زائرین کو غازی یونیورسٹی کے زرعی کالج میں قائم آئیسولیشن سنٹر میں رکھا گیا ہے۔ علاقے میں سیکورٹی سخت کردی گئی ہے اور رینجرز و پولیس کی نفری تعینات ہے۔

ادھر کراچی میں وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی زیر صدارت کورونا وائرس سے متعلق اجلاس ہوا۔وزیراعلیٰ سندھ نےکمشنر سکھر کو ہدایت کی کہ تمام آنے والے زائرین کے ٹیسٹس شروع کردیں، ابھی 289 زائرین پہنچے ہیں اور مزید 853 آرہے ہیں، میں نے صحت کی خصوصی ٹیمیں بھی سکھر بھیجی ہیں۔

وزیراعلیٰ سندھ نے شادیاں، میلے، درگاہیں، شادی ہالز اور مدارس بند کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے وزراء کو بھی تقریبات میں جانے سے روک دیا۔ انہوں نے کہا کہ اگر کہیں بھی لاک ڈاؤن کی صورتحال ہو تو شہریوں تک غذا، ادویات اور ڈاکٹرز کی رسائی کا پلان یقینی بنایا جائے۔

دوسری جانب ترجمان سندھ حکومت مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ کراچی میں 120بستروں اور 16وینٹی لیٹرز پر مشتمل اسپتال کو کورونا کے مریضوں کیلئے مختص کردیا، تاہم اسپتال کا محلِ وقوع اسٹریٹجک مقاصد کے لیے ظاہر نہیں کیا جارہا۔