دنیا بھر میں کورونا وائرس کے وار جاری، اموات 11 ہزار سے تجاوز کر گئیں

 
0
508

اسلام آباد مارچ 21 (ٹی این ایس): دنیا بھر میں کورونا وائرس کے باعث اموات 11 ہزار 187 ہوگئیں، پاکستان میں کرونا وائرس کے باعث 3 افراد زندگی کی بازی ہار گئے جبکہ مریضوں کی تعداد 449 ہے۔

کورونا کے مریضوں کی سب سے زیادہ تعداد 245 سندھ سے ہے، بلوچستان میں 81، پنجاب 78، کے پی میں 23 کرونا وائرس کے مریض زیرعلاج ہیں۔

رپورٹ کے مطابق اسلام آباد میں 9، گلگت بلتستان 12، ایک کرونا وائرس کے مریض کا تعلق آزاد کشمیر سے ہے، ملک بھر میں 216 مقامات پر 2942 افراد کے لیے آئسولیشن گنجائش موجود ہے۔

ملک بھر میں 139 مقامات پر 23 ہزار 557 افراد کے لیے قرنطینہ سینٹر قائم ہیں، تفتان میں ایران سے آنے والے 600 زائرین کے لیے قرنطینہ سینٹر موجود ہے۔

اسی طرح چمن اور طورخم میں بھی مجموعی طور پر 600 افراد کے لیے قرنطینہ قائم کردئیے گئے ہیں۔

کورونا کے پیش نظر عوام میں آگاہی کے لیے موبائل فون کے ذریعے پیغامات بھیجے جارہے ہیں، ایئرپورٹ، ریلوے اسٹیشنز، بس اڈوں پر پمفلٹ تقسیم کیے جارہے ہیں جبکہ 5 ہزار رضاکار طبی عملے کی تربیت کے لیے بھی اقدامات اٹھائے جارہے ہیں۔

دوسری جانب دنیا بھر میں‌ کرونا کے باعث ہونے والی اموات کی تعداد 11 ہزار 187 تک پہنچ گئی، اٹلی میں کرونا وائرس سے ایک دن میں 627 افراد ہلاک ہوگئے جس کے بعد ہلاک شدگان کی تعداد 4 ہزار سے تجاوز کرگئی۔

امریکا میں بھی کورونا سے ہلاکتوں کی تعداد 210 تک پہنچ گئی ہے، 48 گھنٹوں میں امریکا میں کرونا وائرس کے مزید 2 ہزار کیسز رپورٹ ہوئے، امریکا میں کرونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 14 ہزار 250 ہوگئی ہے۔