اسلام آباد کے ہاؤسنگ منصوبے پارک انکلیو میں مراکش کی حکومت مسجد تعمیر کرے گی

 
0
638

اسلام آباد مارچ 24 (ٹی این ایس): اسلام آباد کے ہاؤسنگ منصوبے پارک انکلیوI-میں مراکش کی حکومت مسجد تعمیر کرے گی۔ اس ضمن میں وزارت خارجہ نے سی ڈی اے کو مراسلہ جاری کر دیا ہے۔ یہ مسجد مراکش کی حکومت اپنے پاکستانی بھائیوں کو بھائی چارے، اخوت اور برادرانہ تعلقات کے تناظر میں تعمیر کر کے دے گی۔ مسجد کا ڈیزائن مراکش کے طرز تعمیر کا شاہکار ہو گی۔ اس مسجد کی تعمیر کے لیے سی ڈی اے نے پارک انکلیوI- میں 11 کنال اراضی مختص کی ہے۔ اس ضمن میں وزارتِ خارجہ نے سی ڈی اے کو مراسلے میں کہا ہے کہ وہ مسجد کے لیے مختص کی جانے والی جگہ کی نشاندہی اور باقاعدہ قبضہ دینے کے علاوہ اس کا ٹائٹل اور مسجد کی تعمیر کے لیے دیگر تفصیلات فراہم کریں تاکہ ان تفصیلات سے مراکش کی حکومت کو آگاہ کیا جا سکے۔ یہ مسجد دونوں ممالک کے درمیان برادرانہ تعلقات کی آئینہ دار ہو گی۔