بھارتی ناظم الامور گوراو اَہلووالیا دفتر خارجہ طلب ،قابض بھارتی افواج کی جانب سے رکھ چکری، چیری کوٹ اور بروح سیکٹرز میں جنگ بندی کی بلااشتعال خلاف ورزیوں پر شدید احتجاج

 
0
237

اسلام آباد ۔ 13 اپریل (ٹی این ایس): بھارتی ناظم الامور گوراو اَہلووالیا کو دفتر خارجہ طلب کرکے 12 اپریل کو قابض بھارتی افواج کی جانب سے لائن آف کنٹرول (ایل اوسی) کے ڈھڈنیال۔رکھ چکری، چیری کوٹ اور بروح سیکٹرز میں جنگ بندی کی بلااشتعال خلاف ورزیوں پر شدید احتجاج کیا گیا۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق ڈائریکٹر جنرل (جنوبی ایشیاء و سارک) زاہد چوہدری نے پیر کو بھارتی ناظم الامور گوراو اہلووالیا کو دفتر خارجہ طلب کیا اور 12 اپریل کو قابض بھارتی افواج کی جانب سے لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کے ڈھڈنیال۔رکھ چکری، چیری کوٹ اور بروح سیکٹرز میں جنگ بندی کی بلااشتعال خلاف ورزیوں کی مذمت کی اور احتجاجی مراسلہ ان کے حوالے کیا۔ بھارتی فوج کی بلااشتعال فائرنگ کے نتیجہ میں دو سالہ بچہ شہید جبکہ چار شہری زخمی ہوئے۔ بھاتی ناظم الامور کو بتایا گیا کہ شہری آبادیوں کو دانستہ نشانہ بنانا انتہائی قابل افسوس، انسانی عظمت و وقار، عالمی انسانی حقوق اور بین الاقوامی انسانی قوانین کے صریحاً منافی ہے۔ بھارت کی جانب سے جنگ بندی کی ان خلاف ورزیوں سے علاقائی امن و سلامتی کو سنگین خطرات لاحق ہیں جو کسی بھی تزویراتی غلط فہمی کا باعث بن سکتا ہے۔ ڈائریکٹر جنرل نے کہا کہ ایل او سی اور مشرقی سرحد پر کشیدگی بڑھا کر بھارت مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں اور بدترین صورتحال سے عالمی توجہ ہٹا نہیں سکتا۔ قابض بھارتی افواج ایل او سی اور ورکنگ بائونڈری کی مسلسل خلاف ورزیاں کرتے ہوئے آرٹلری، بھاری اور خودکار ہتھیاروں کے ذریعے عام شہری آبادیوں کو نشانہ بنا رہی ہیں۔ رواں سال بھارت نے اب تک 749 مرتبہ جنگ بندی کی خلاف ورزیوں کا ارتکاب کیا اور اس وقت سے جنگ بندی کی خلاف ورزیوں کا سلسلہ جاری ہے۔ڈائریکٹر جنرل (جنوبی ایشیاء و سارک) نے بھارت پر زوردیا کہ 2003ء کے جنگ بندی معاہدے کی پاسداری کرے، جنگ بندی کی خلاف ورزیوں کے ان واقعات کی تحقیقات کرائے، بھارتی فوج کو جنگ بندی کے احترام کا حکم دے، ایل او سی اور ورکنگ باونڈری پر اس کی روح کے مطابق امن برقرار رکھے۔ انہوںنے زوردیا کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرار دادوں کے مطابق بھارت اقوام متحدہ کے فوجی مبصرین (یواین ایم او جی آئی پی)کو اپنا کردارادا کرنے کی اجازت دے۔