ہری پور پولیس کی جانب سے رمضان المبارک کے لئے جامع سیکورٹی پلان جاری۔مساجد،بازاروں کی سیکورٹی پر 800 سے زائد پولیس افسران تعینات

 
0
374

ہری پور اپریل 27 (ٹی این ایس): ہری پور پولیس کی جانب سے رمضان المبارک کے دوران مساجد،امام بارگاہوں اور تمام بڑے بازاروں کی سیکورٹی کے لئے جامع سیکورٹی پلان جاری کردیا گیا۔ ڈی پی او ہری پور سید اشفاق انور (پی ایس پی) کی ہدایات پررمضان المبارک کے پیش نظر ضلع بھر میں سیکورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی۔ سیکورٹی انتظامات کے حوالے سے ضلع کو 4 سیکٹرز میں تقسیم کیا گیا ہے۔ سرکل ایس ڈی پی اوز اپنے سرکلز میں براہ راست سیکورٹی انتظامات کا جائزہ لیں گئے۔ ہری پور پولیس نے رمضان المبارک کے بابرکت ایام میں اہم مساجد،امام بارگاہوں اور ضلع کے تمام بڑے بازاروں کی سیکورٹی کے انتظامات مکمل کر لئے۔ مجموعی طور پر 800 سے زائد پولیس افسران و جوان تعینات کئے گے ہیں۔بازاروں میں خریداروں و تاجروں کے تحفظ کے لئے پولیس کی اضافی پیدل گشتوں کے ساتھ موبائل گشتوں میں بھی اضافہ کیا گیا ہے۔ضلع کی تمام چھوٹی بڑی مارکیٹوں،بازاروں میں مشروط اجازت شدہ کاروبار کے حامل تاجروں کو حکومتی ہدایات کے مطابق صبح 9 سے شام 4 بجے تک کاروبار کے لئے پابند کیا گیا ہے۔نماز تراویح کے دوران حکومتی ہدایات پر بھی عملدرآمد یقینی بنایا جا رہا ہے۔ضلع کے داخلے و خارجی راستوں پر چیکنگ کے عمل کو مزید موئثر بنایا گیا ہے۔ تمام آنے جانے والے افراد کی کڑی نگرانی جاری ہے۔ بین الضلاعی پبلک ٹرانسپورٹ سمیت ہر قسم کی مقامی ٹرانسپورٹ پر بھی پابندی عائد ہے۔ تھانہ جات کی سطح پر سیکورٹی انتظامات کو مزید بہتر بنانے کے لئے تھانہ جات کی حدود میں مختلف مقامات پر ناکہ بندیاں بھی بڑھا دی گئیں ہیں۔

ڈی پی او ہری پور نے ہری پور کی عوام کے نام پیغام میں کہا ہے کہ تمام شہری رمضان المبارک کے تقدس کا خیال رکھیں۔سیکورٹی انتظامات کی عملداری یقینی بنانے میں ہری پور پولیس کا ساتھ دیں۔کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لئے سماجی فاصلوں کو برقرار رکھیں۔بازاروں میں غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور مساجد میں عبادات کی ادائیگی کے دوران حکومتی احکامات پر عمل کریں۔