روزوں کے بعد ٹارزن کی واپسی ہو گی، شیخ رشید کا اشارہ کس کی جانب؟ خبر میں جانئے

 
0
444

اسلام آباد مئی 02 (ٹی این ایس): وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ کورونا دنیا بھر کےلیے چیلنج ہے اور کورونا سے 5 ارب روپے کا ماہانہ نقصان ہو رہا ہے۔

شیخ رشید احمد نے لاہور میں ریلوے ہیڈ کوارٹر میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں لاک ڈاؤن نہیں بلکہ مذاق ہو رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس صرف ایک ماہ کی تنخواہ دینے کی گنجائش ہے البتہ کسی بھی ملازم کو ریلوے کی ملازمت سے نہیں نکالا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم ریلوے میں بہتری اور ریلوے مزدوروں کا گریڈ بڑھانے کے لیے کوشش کر رہے ہیں۔ روزوں کے بعد ٹارزن کی واپسی ہو گی۔

شیخ رشید احمد نے کہا کہ بھارت میں صورت حال سب دیکھ رہے ہیں جبکہ بھارتی مسلمان بھی وزیر اعظم عمران خان کی طرف دیکھ رہے ہیں۔

وزارت اطلاعات پر بات کرتے ہوئے شیخ رشید وزیر اطلاعات شبلی فراز کا نام بھول گئے تاہم انہوں نے کہا کہ وزارت اطلاعات میں بہترین ٹیم آئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کی ہدایت پر30 ٹرینیں چلا دیں گے۔ نواز شریف کے بعد اب فردوس عاشق اعوان بھی کہیں گی مجھے کیوں نکالا۔

وفاقی وزیر ریلوے نے کہا کہ حزب اختلاف نیب قوانین میں جو ترمیم چاہ رہے ہیں وہ ممکن نہیں تاہم عمران خان بدعنوانی کرنے والوں کو نہیں چھوڑیں گے۔ مارکیٹ میں آنے والا نیب آرڈیننس کا مسودہ جعلی ہے۔