کورونا وائرس: ملک بھر میں مصدقہ مریضوں کی تعداد 20,084 جبکہ 5,114 مریض صحتیاب

 
0
9402

اسلام آباد 04 مئی 2020 (ٹی این ایس): اب تک سب سے زیادہ اموات خیبرپختونخوا میں سامنے آئی ہیں جہاں کورونا سے 180 افراد انتقال کر چکے ہیں جب کہ سندھ میں 130 اور پنجاب میں 121 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔

اس کے علاوہ بلوچستان میں 21، اسلام آباد 4 اور گلگت بلتستان میں 3 افراد مہلک وائرس کے باعث جاں بحق ہو چکے ہیں۔

آج کے کیسز کی صورتحال

آج اب تک ملک بھر سے کورونا کے 1312 نئے کیسز اور 22 ہلاکتیں سامنے آئی ہیں، پنجاب میں 640 کیسز اور 6 مزید افراد جاں بحق ہوئے جب کہ سندھ میں 363 نئے کیسز اور 8 ہلاکتیں رپورٹ ہوئی ہیں۔

خیبرپختونخوا میں بھی 8 افراد جاں بحق اور 222 نئے کیسز کی تصدیق ہوئی جبکہ بلوچستان میں 2 اموات اور 46 نئے کیسز، اسلام آباد میں 28، گلگت میں 8 اور آزاد کشمیر میں 5 نئے کیسز رپورٹ ہوئے۔

سندھ

سندھ میں کورونا کے مزید 363 مریض سامنے آنے کے بعد صوبے میں کیسز کی مجموعی تعداد 7465 اور 8 نئی ہلاکتیں رپورٹ ہونے کے بعد اموات کی تعداد 130 ہو گئی ہے۔

حکومت سندھ کے ترجمان بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے نئے کیسز اور اموات کی تصدیق اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ کے ذریعے کرتے ہوئے بتایا کہ صوبے میں اب تک 1555 افراد صحت یاب بھی ہو چکے ہیں۔

پنجاب

پنجاب سے آج اب تک کورونا کے 640 کیسز اور 6 ہلاکتیں سامنے آئی ہیں جس کی تصدیق صوبائی حکومت کی جانب سے بھی کی گئی ہے۔

نئے کیسز اور ہلاکتیں سامنے آنے کے بعد صوبے میں کورونا کے مریضوں کی مجموعی تعداد 7494 اور ہلاکتیں 121 تک پہنچ گئی ہیں۔

ترجمان پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کئیر کے مطابق پنجاب میں کورونا وائرس کے 640 نئے کیس سامنے آنے کے بعد صوبے میں مریضوں کی تعداد 7494 ہو گئی ہے۔

پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کئیر کے ترجمان کے مطابق اب تک 768 زائرین سنٹر ز، 1926 رائے ونڈ سے منسلک افراد، 86 قیدیوں اور 4714 عام شہریوں میں کورونا وائرس کی تصدیق ہو چکی ہے۔

اسلام آباد

وفاقی دارالحکومت میں بھی آج کورونا وائرس کے مزید 28 کیسز سامنے آئے ہیں۔

سرکاری پورٹل کے مطابق نئے کیسز سامنے آنے کے بعد اسلام آباد میں کیسز کی مجموعی تعداد 393 ہوگئی ہے جب کہ شہر میں وائرس سے اب تک 4 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔

خیبرپختونخوا

خیبر پختونخوا میں اتوار کو کورونا سے مزید 8 افراد جاں بحق ہوئے جس کے بعد صوبے میں ہلاکتوں کی تعداد 180 تک جاپہنچی۔

محکمہ صحت کے مطابق صوبے میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 222 افراد میں مہلک وائرس کی تشخیص ہوئی جس کے بعد متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 3129 ہوگئی ہے
محکمہ صحت نے بتایاکہ صوبے میں اب تک کورونا سے 811 افراد صحت یاب ہوچکے ہیں۔

بلوچستان

بلوچستان میں اتوار کو مزید 2 افراد کورونا وائرس کا شکار بن گئے جس کے بعد صوبے میں ہلاکتیں 21 ہوگئیں۔

صوبے میں مزید 46 نئے کیسز کی تصدیق ہوئی جس کے بعد صوبے میں متاثرہ مریضوں کی تعداد 1,172 ہوگئی۔

بلوچستان حکومت کے ترجمان لیاقت شاہوانی کے مطابق نئے کیسز میں 44 کوئٹہ اور 2 پشین میں رپورٹ ہوئے۔

صوبے میں اب تک 197 افراد صحت یاب بھی ہوئے ہیں۔

گلگت بلتستان

گلگت بلتستان میں اتوار کو مزید 8 نئے کیسز کی تصدیق ہوئی جس کے بعد متاثرہ مریضوں کی مجموعی تعداد 364 تک پہنچ گئی ہے۔

محکہ صحت گلگت بلتستان کے مطابق گلگت میں 4، استور میں 3 اور اسکردو میں ایک شہری میں مہلک وائرس کی تشخیص ہوئی۔

محکمہ صحت کے مطابق کورونا وائرس سے 3 افراد کا انتقال ہوا ہے جبکہ اب تک 266 افراد صحت یاب ہو چکے ہیں۔

آزاد کشمیر

آزاد کشمیر میں مزید 5 میں کورونا وائرس پایا گیا ہے جس کے بعد علاقے میں کورونا کے کیسز کی تعداد 67 ہو گئی ہے، 44 افراد صحت یاب ہوچکے ہیں جب کہ اب تک کوئی ہلاکت سامنے نہیں آئی ہے۔