گوجرانوالہ 12 جون 2020 (ٹی این ایس): گوجرانوالہ کے تھانہ اروپ کے علاقے میں میاں بیوی نے مبینہ طور پر زہریلی گولیاں کھا کر خودکشی کرلی، دونوں افراد کو تشویش ناک حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ جانبر نہ ہوسکے۔
پولیس کے مطابق یاور اور عائشہ نے 6 ماہ قبل پسند کی شادی کی تھی اور دونوں کو عزیزوں اقارب کی جانب سے شدید مزاحمت کا سامنا تھا جس سے دلبرداشتہ ہوکر دونوں نے زہریلی گولیاں کھاکر خودکشی کرلی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ میاں بیوی نے خودکشی سے پہلے ویڈیو بیان میں پولیس کو دونوں فیملیز کے خلاف کارروائی کرنے سے منع بھی کیا۔
گوجرانوالہ پولیس کا کہنا ہے کہ لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے، واقعے کی تحقیقات کررہے ہیں اصل حقائق پوسٹ مارٹم رپورٹ آنے کے بعد سامنے آئیں گے۔
یاد رہے چند روز قبل گوجرانوالہ کے تھانہ احمد نگر کے علاقے جامکے چٹھہ میں والدہ اور بھائی نے غیرت کے نام پر 24 سالہ اقصیٰ کو موت کے گھاٹ اتار دیا تھا ، پولیس نے ملزمان کو گرفتار کرکے نعش کو پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال منتقل کردیا۔
پولیس کے مطابق 24 سالہ اقصیٰ پسند کی شادی کرنا چاہتی تھی لیکن اس کی ماں اور بھائی پسند کی شادی سے انکاری تھے جس پر مقتولہ کی والدہ اور بھائی نے اقصیٰ کو قتل کرنے کے بعد ڈکیتی کا ڈرامہ رچایا تھا۔