شہرِ قائد میں دستی بم حملہ، ایک شخص جاں بحق 6 زخمی

 
0
356

کراچی 19 جون 2020 (ٹی این ایس): کراچی کے علاقے لیاقت آباد میں دستی بم حملے میں ایک شخص جاں بحق اور 6 افراد زخمی ہو گئے۔

پولیس کے مطابق کراچی میں دستی بم حملہ احساس پروگرام کے دفتر کے قریب ہوا اور دفتر میں احساس پروگرام کے تحت لوگوں میں رقم تقسیم کی جا رہی تھی۔

احساس پروگرام کا دفتر ریاض کالج میں قائم کیا گیا تھا۔ جاں بحق ہونے والے شخص کی شناخت شہزاد کے نام سے ہوئی۔

دھماکے کے فوری بعد پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا۔

اس سے قبل آج صبح ہی سندھ کے ضلع گھوٹکی کے علاقے گھوٹا مارکیٹ کے قریب دھماکے سے 2شہری اور ایک رینجرز اہلکار شہید ہو گئے۔

مزید پڑھیں: گھوٹکی میں دھماکہ: ایک رینجرز اہلکار سمیت 3 افراد شہید

ڈی ایس پی گھوٹکی حافظ قادر نے گھوٹا مارکیٹ میں دھماکے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ دھماکے کے بعد پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا ہے اور ملزمان کی تلاش جاری ہے۔

پولیس کے مطابق رینجرز کی گاڑی گھوٹا مارکیٹ کے قریب کھڑی تھی جو دھماکے سے شدید متاثر ہوئی۔ شہید ہونے والے رینجرز اہلکاروں اور شہری کی لاش قریبی اسپتال منتقل کر دی گئیں۔