مسلم لیگ (ن) نے حکومت کے ناراض اتحادیوں سے رابطے شروع کر دیئے، معاملات طے پا گئے؟ جانیے تفصیلات

 
0
232

لاہور 23 جون 2020 (ٹی این ایس): پیپلز پارٹی کے بعد مسلم لیگ ن نےبھی حکومت کے ناراض اتحادیوں کے ساتھ رابطے شروع کردیئے ہیں اور حکومت کو مسائل کے حل کے لیے ایک ہفتے کی مہلت دینے والے شاہ زین بگٹی اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہبازشریف کا رابطہ ہواہے، اس سے قبل سابق صدر زرداری بھی اختر مینگل اور شاہ زین بگٹی سے رابطہ کرچکے ہیں۔

لیگی ذرائع کے مطابق پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہبازشریف اور شازین بگٹی کا ٹیلی فون پر رابطہ ہوا ہے ، شازین بگٹی نے قائد حزب اختلاف کی مزاج پرسی کی اور ان کی صحت یابی کے لئے دعا کی ۔شہبازشریف نے نیک تمنائوں کے اظہار اور ٹیلی فون کرنے پر شاہ زین بگٹی کا شکریہ ادا کیا۔

ذرائع کے مطابق دونوں رہنمائوں کے درمیان سیاسی معاملات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا اور دونوں رہنمائوں نے مل کر چلنے اور ملاقات کا بھی فیصلہ کیا لیکن اس ملاقات کو وقت یا تاریخ بعد میں طے ہوگی۔ ذرائع نے بتایا کہ اپوزیشن لیڈر سے گفتگو کے دوران شاہ زین بگٹی حکومت سے نالاں دکھائی دیئے ۔

یاد رہے کہ اس سے قبل کوئٹہ میں ہونیوالے جمہوری وطن پارٹی کی مرکزی کمیٹی کے اجلاس میں پارٹی سربراہ نوابزادہ شاہ زین بگٹی نے وڈیولنک کے ذریعے شرکت کی۔ اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ حکومت ایک ہفتے جمہوری وطن پارٹی سے کیے گئے معاہدے پر عملدرآمد کرے ورنہ پارٹی حکومتی اتحاد سے علیحدہ ہوجائیگی۔

اجلاس میں وفاق میں پی ٹی آئی حکومت کے سا تھ اتحاد برقرار رکھنے یانہ رکھنے پر تفصیلی مشاورت کی گئی۔اجلاس کے بعد کیے گئے اعلامیہ کے مطابق وفاقی حکومت کو ایک ہفتے کا وقت دینے کا فیصلہ کیا گیا، وفاقی حکومت جمہوری وطن پارٹی کے ساتھ کیے گئے معاہدے پر عملدرآمد کرے۔ اعلامیہ میں مزید یہ بھی کہا گیا ہے کہ وفاقی حکومت کے معا ہدے پر عمل نہ ہونے پر جے ڈبلیو پی وفاقی حکومت سے علیحدگی اختیا ر کریگی۔