پاکستان میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں برصغیرمیں سب سےکم، اہم حکومتی وزیر کا دعویٰ

 
0
286

اسلام آباد 27 جون 2020 (ٹی این ایس): وفاقی وزیر برائے توانائی عمر ایوب نے کہا ہے کہ پاکستان میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں اب بھی برصغیرمیں سب سےکم ہیں۔

وفاقی وزیر کاکہنا تھا کہ گزشتہ ماہ عالمی منڈی خام تیل کی قیمتو ں میں خاطرخواہ اضافہ ہوا اور پاکستانی روپے کی قدر میں بھی تین روپے کی کمی ہوئی۔

عمر ایوب نے بتایا کہ ان وجوہات کی بنا پرپٹرول کی قیمت میں 31روپے58پیسے جبکہ ڈیزل کی قیمت میں 24روپے31پیسےکا اضافہ ہونا چاہیے تھا مگر حکومت نےپٹرول کی قیمت میں 25روپے58پیسے اور ڈیزل کی قیمت میں 21روپے31پیسےاضافہ کیا۔

عمر ایوب کا کہنا تھا کہ اگر موازنہ کیا جائے تو برصغیر کے دیگر ممالک کے مقابلے میں پاکستان میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں اب بھی کم ہیں۔

یاد رہے کہ حکومت نے اب سے کچھ دیر قبل پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ریکارڈ اضافہ کیا۔ وزارت خزانہ کی جانب سے جاری نوٹی فکیشن کے مطابق پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 25 روپے 58 پیسے کا اضافہ کیا گیا جس کے بعد پیٹرول کی قیمت 100 روپے دس پیسے پر پہنچ گئی۔

اسی طرح ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت 21 روپے 31 پیسے اضافے کے بعد 101 روپے 46 پیسے فی لیٹر تک پہنچ گئی۔ نوٹی فکیشن کے مطابق مٹی کاتیل23روپے50پیسےفی لیٹرمہنگا ہوکر فی لیٹر 59 روپے 6 پیسے تک پہنچ گیا، لائٹ ڈیزل کی قیمت 17 روپے 84 پیسے اضافے کے بعد 55 روپے 98 پیسے فی لیٹر تک پہنچ گئی۔

وزارت خزانہ کے نوٹی فکیشن کے مطابق پٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کااطلاق آج یعنی 26 جون کی رات12 بجےسےہوگا۔

سیاسی جماعتوں نے اضافہ مسترد کردیا

دوسری جانب مسلم لیگ ن، پیپلزپارٹی، جماعت اسلامی سمیت دیگر سیاسی و مذہبی جماعتوں نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کو مسترد کرتے ہوئے حکومت سے پرانی قیمتیں بحال کرنے کا مطالبہ کردیا۔