راجہ پرویزاشرف سمیت دیگر ملزمان کی بریت کےخلاف نیب کی اپیل سماعت کے لیے منظور

 
0
244

اسلام آباد 22 جولائی 2020 (ٹی این ایس): اسلام آباد ہائی کورٹ نے پیراں غائب رینٹل پاور ریفرنس میں سابق وزیراعظم راجہ پرویزاشرف سمیت دیگر ملزمان کی بریت کےخلاف نیب کی اپیل سماعت کے لیے منظورکرلی۔

عدالت نے ملزمان کو نوٹس جاری کردیا،نیب نے ساہووال اور پیراں غائب ریفرنس میں پرویز اشرف سمیت دیگر کی بریت کو چیلنج کیا تھا۔

اسلام آباد ہائی کورٹ کے جج جسٹس عامر فاروق اور جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے سماعت کی۔

دوران سماعت نیب پراسیکیوٹر نے احتساب عدالت کے فیصلے کو کالعدم قرار دینے کی استدعا کی۔ عدالت کے استفسارپرنیب پراسیکیوٹر نے بتایا کہ نیب ترمیمی آرڈیننس دسمبر 2019 میں پاس کیا گیا۔ آرڈیننس گزٹ آف پاکستان میں اپریل 2020 میں پبلش ہوا

انہوں نے کہا کہ ۔نیب ترمیمی آرڈیننس کی غلط تشریح کی گئی۔ ملزمان پر اختیارات کو غلط استعمال کرنے کا الزام ہے

خیال رہے کہ احتساب عدالت نے راجہ پرویز اشرف سمیت 10 ملزمان کو ساہووال اورپیراں غائب رینٹل کیس میں بری کردیا تھا۔

عدالت نے پیراں غائب رینٹل پاور ریفرنس راجہ پرویز اشرف اور دیگرملزمان کو بری کردیا ہے۔ بری ہونے والوں میں سابق وزیرخزانہ شوکت ترین ، سابق ایم ڈی پیپکو طاہر بشارت چیمہ، ،سابق سیکرٹری پانی و بجلی شاہد رفیع، اسماعیل قریشی، سلیم عارف، چودھری عبدالقدیر اور اقبال علی شامل ہیں۔ راجہ پرویز اشرف سمیت دیگر ملزمان کو ساہُوال ریفرنس میں بھی گزشتہ ہفتے بری کیا گیا تھا۔

نیب راولپنڈی نے مجموعی طور پر رینٹل پاور کے 12 بڑے اسکینڈلز کی تحقیقات کیں اور کارکے شپ، پیران غائب ملتان، ساہو والا سیالکوٹ، گدو سندھ، نوڈیرو II سندھ، سمندری روڈ، نوڈیرو I سندھ، ایم ایس ریشماں پاور جنریشن رائے ونڈ، ایم ایس ینگ جن پاور لمیٹڈ، بھکی شیخوپورہ، ایم ایس گلف رینٹل پاور پرائیویٹ لمیٹڈ اور 150 میگاواٹ کے شرقپور آر پی پی سمیت تمام 12 کیسز میں ریفرنس دائر کئے۔
ان ریفرنسز میں مرکزی ملزمان سابق وزیر راجہ پرویز اشرف، سابق وزیر خزانہ شوکت ترین، سابق سیکرٹری و چیئرمین پیپکو اسماعیل قریشی، سابق سیکرٹری و چیئرمین پیپکو راشد رفیع، سابق ایم ڈی پیپکو طاہر بشارت چیمہ اور دیگر شامل ہیں۔