مقبوضہ کشمیر کے حریت پسند رہنما کو’’نشان پاکستان‘‘ دینے کی قرارداد منظور

 
0
615

اسلام آباد 28 جولائی 2020 (ٹی این ایس): سینیٹ میں گزشتہ روزمقبوضہ کشمیر کے حریت پسند رہنما سید علی شاہ گیلانی کو آزادیٔ کشمیر کیلیے گرانقدر خدمات کے اعتراف میں پاکستان کا سب سے بڑا سول اعزاز ’’نشان پاکستان‘‘دینے کی قرارداد منظورکرلی گئی۔

وزیراعظم ہاؤس میں قائم کی جانے والی یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ایمرجنگ ٹیکنالوجیز کو ان کے نام سے منسوب کرنے کی قرارداد جوجماعت اسلامی کے سینیٹرسراج الحق اورسینیٹر مشتاق احمد کی طرف سے پیش کی گئی متفقہ طور پر منظور کر لی گئی۔

سینٹ کا اجلاس چیئرمین سینٹ صادق سنجرانی کی صدارت میں ہوا۔ ایوان نے جمعہ کے روز چھٹی کی قرارداد حکومت اور مسلم لیگ ن کی طرف سے مخالفت کے بعد آئندہ اجلاس تک مؤخر کر دی۔

ایوان بالا نے قومی کمیشن برائے اطفال بل 2020ء ، فیڈرل بورڈ آف ریونیوبل 2020ء اور اسلام آباد ہائی کورٹ بل 2020ء متعلقہ قائمہ کمیٹیوں کو بھجوا دیئے۔سینٹ نے اسلام آباد تحفظ صارفین بل 2020ء کو مسترد کر دیا،گھریلو تشدد بل 2020ء قائمہ کمیٹی کو بھجوا دیا۔