غلام سرور کی جانب سے واجب القتل کا لفظ استعمال کرنا مناسب نہیں ہے، فواد چوھدری

 
0
538

اسلام آباد 25 اگست 2020 (ٹی این ایس): وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چودھری نے کہا ہے کہ وفاقی وزیر ہوا بازی غلام سرور کی جانب سے واجب القتل کا لفظ استعمال کرنا مناسب نہیں ہے۔

اپنے ایک بیان میں فواد چودھری کا کہنا تھا کہ حساس معاملات پر واجب القتل کا لفظ استعمال کرنا مناسب نہیں اور وفاقی وزیر کا گزشتہ روز کا بیان جذباتی تھا۔

غلام سرور واجب القتل کے بجائے سزا کے مستحق کا لفظ استعمال کرتے تو اچھا ہوتا کیونکہ وزیر، مولوی اور عام انسان واجب القتل پر کوئی فتویٰ نہیں دے سکتا۔

سزا کا تعین وزیر، مولوی اور عام شہری نہیں کر سکتے۔

انہوں نے مزید کہا کہ نواز شریف نے اپنی بیٹی کو قوم کی بیٹی بنا دیا اور خود لندن میں ہیں۔ حکومت کا سادا سا مطالبہ ہے کہ قوم کا جو پیسہ لوٹا وہ واپس لایا جائے۔

نواز شریف پر قتل نہیں بلکہ غبن اور منی لانڈرنگ کے الزامات ہیں۔ نواز شریف علاج کے لیے لندن گئے تھے اور اگر اب وہ صحتیاب ہو چکے ہیں تو ان کی وطن واپسی ہونی چاہیے۔

بعد ازاں سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا کہ ایک ماہ میں گاڑیوں کا ابتدائی معیار کابینہ کی منظوری کے لیے پیش کر دیں گے۔

میرے اندازے سے یہ بہت مشکل کام تھا اور اس میں بہت رکاوٹیں بھی ڈالی گئیں لیکن میں جو ٹھان لیتا ہوں، وہ کر کے رہتا ہوں۔