چکوال 26 اگست 2020 (ٹی این ایس): کمشنر راولپنڈی ڈویژن کیپٹن (ر) محمد محمود نےبلڈنگز ڈپارٹمنٹ کی مقامی انتظامیہ کو احکامات جاری کئے ہیں کہ یونیورسٹی آف چکوال کے قیام کے میگا پراجیکٹ کو ہر لحاظ سے حتمی شکل دے کر آئندہ 15 ستمبر تک پی اینڈ ڈی ڈپارٹمنٹ پنجاب کو ارسال کیا جائے تاکہ حکومت پنجاب کی طرف سےمنظور ی حاصل کر کے اس اہم تعلیمی منصوبہ پر تعمیراتی کام جلد از جلد شروع کرایا جا سکے۔ انہوں نے یہ احکامات دورہ چکوال کے موقع پر ڈی سی آفس میں منعقدہ اجلاس میں ضلع کے جاری ترقیاتی عمل کے جائزہ کے دوران جاری کئے۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) عبدالستار عیسانی بھی ان کے ہمراہ تھے جبکہ ایم این ایز محترمہ فوزیہ بہرام اور ذوالفقار علی خان دلہہ بھی اس موقع پر موجود تھے۔ اے ڈی سی جی مہرین فہیم عباسی ، اے ڈی سی آر مصور خان نیازی، اے ڈی سی ایف اینڈ پی اشعر اقبال،اسسٹنٹ کمشنرز اور دیگر سرکاری محکموں کے افسران نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔
کمشنر راولپنڈی ڈویژن نے ضلع کے دیگر میگا پراجیکٹس پر عملدرآمد کے سلسلہ میں لوازمات و انتظامات بلا تاخیر مکمل کرنے کے لئے بھی متعلقہ شعبوں کے افسران کو ضروری احکامات جاری کئے ان میگا پراجیکٹس میں چکوال میں 500 بستروں پر مشتمل ہسپتال، لطیف وال میں 20 بستروں کے ہسپتال اور ڈھڈیال بائی پاس کی تعمیرکے منصوبے شامل ہیں۔ اجلاس کی دوران ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ اور تعمیراتی محکموں کے افسران نے کمشنر راولپنڈی ڈویژن کو سیکثورل ڈویلپمنٹ کے لئے جاری سکیموں پر عملدرآمد کے بارے میں بریفنگ دی۔ کمشنر نے جاری ترقیاتی سکیموں پر عملدرآمد کو اطمینان بخش قرار دیا اور تعمیراتی کام کی رفتار تیز کرنے اور عمدہ معیار برقرار رکھنے کی بطورِ خاص تاکید کی اور یہ بھی ہدایت کی کہ ترقیاتی سکیموں پر عملدرآمد کے سلسلہ میں ان کی طرف سے دیئے گئے اہداف حسبِ ہدایات تیزی سے مکمل کئے جائیں۔ کمشنر راولپنڈی ڈویژن کیپٹن ریٹائرڈ محمد محمود نے اس موقع پر ڈی ایف او چکوال کو ہدایت کی کہ چکوال مندرہ روڈ کی تزئین و آرائش کے لئے میڈین میں خوبصورت شجر کاری کا عمل ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیا جائے۔