سلامتی کونسل انتہا پسندوں اور فاشسٹ ہندوتوا گروپوں کی دہشت گردی کو نظر انداز کر رہی ہے: منیراکرم

 
0
603

اسلام آباد 02 ستمبر 2020 (ٹی این ایس): اقوام متحدہ میں پاکستانی مندوب منیراکرم نے کہا ہے کہ سلامتی کونسل کے کام میں فوری اصلاحات کی ضرورت ہے۔

تفصیلات کے مطابق اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی مکمل سالانہ رپورٹ سے متعلق غیر رسمی اجلاس کے دوران پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ بھارت کو مودی کی آباد کاری اسکیم کے ذریعے مقبوضہ کشمیر میں مسلم اکثریت کو اقلیت میں بدلنے سے روکے۔

پاکستانی سفیر نے کہا کہ سلامتی کونسل کے کام میں فوری اصلاحات کی ضرورت ہے، کونسل نے دہشت گردی انتہا پسندی اور فاشسٹ تنظیم کو نظر انداز کرتے ہوئے القاعدہ اور داعش کا مقابلہ کرنے پر توجہ دی ہے۔

منیر اکرم کا کہنا تھا کہ سلامتی کونسل انتہا پسندوں اور فاشسٹ ہندوتوا گروپوں کی طرف سے مسلمانوں پر ہونے والی دہشت گردی کو نظر انداز کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا بھارتیہ جنتا پارتی اور آر ایس ایس کے گٹھ جوڑ پر مبنی حکومت مقبوضہ کشمیر میں خود کو حتمی حل کے نام سے موسوم کر رہی ہے۔

پاکستانی مندوب کا کہنا تھا کہ آباد کاری کے ذریعے آبادیاتی سیلاب کا مقصد کشمیری عوام کو تقسیم اور ان کے آزادانہ حقوق سے محروم کرنا اور ان کی مسلم شناخت کو ختم کرنا ہے۔