سستی بجلی بنانے اور بجلی بچانے کے مشن پر بھرپور کام کرنے کی ضرورت ہے، گورنر پنجاب

 
0
4606

لاہور 03 ستمبر 2020 (ٹی این ایس): گورنر پنجاب چوہدری سرور نے کہا ہے کہ مستقبل میں صوبے میں موجود تمام یونیورسٹیز کو سولر انرجی پر منتقل کر دیا جائے گا۔

گورنر ہاوس لاہور میں دس جامعات کو شمسی توانائی پر منتقل کرنے کی یاداشت پر دستخط کی تقریب منعقد ہوئی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنر پنجاب نے کہا کہ سستی بجلی کی پیداوار کیلئے اقدامات جاری ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ سستی بجلی بنانے اور بجلی بچانے کے مشن پر بھرپور کام کرنے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ برطانیہ میں ایک سروے کیا تو ہر دوسرے بندے کا کہنا تھا کہ بجلی کی قلت ختم کرنے کے لیئے بجلی بچانا بہت ضروری ہے۔

بعد ازاں تقریب سے خطاب کے دوران وفاقی وزیر برائے توانائی عمر ایوب نے اپوزیشن کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا۔

انہوں نے کہا کہ سابق حکومت کے دور میں سولر انرجی پر ایک یونٹ چوبیس روپے میں پڑتا تھا اب چھ روپے تک آ گیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ کیا اب پاکستان میں سورج کی تپش زیادہ ہو گئی ہے؟ نہیں، اب ہم نے کمپنیز کے ساتھ بغیر کمیشن لیئے شفاف معاہدے کیئے ہیں۔

مزید برآں وزیر توانائی پنجاب اختر ملک نے بھی مسائل کا سبب سابق حکمرانوں کی پالیسیوں کو قرار دیا۔

انہوں نے کہا کہ جو مسلم لیگ معاہدے کر کے گئی وہ دو ہزار پینتیس تک جا کر ختم ہوں گے۔ جاتے جاتے ڈاکہ تو مار گئے ہمارے ہاتھ پاوں بھی باندھ دیئے۔

حکام کے مطابق ابتدائی طور پر زرعی یونیورسٹی فیصل آباد، نشتر میڈیکل یونیورسٹی ملتان، قائد اعظم میڈیکل یونیورسٹی بہاولپور سمیت دیگر جامعات سولر انرجی پر ٹرانسفر ہوں گے۔