میئرکراچی کو شہر کے نالوں کی صفائی کیلئے ایک ہفتے کی مہلت

 
0
315

بتائیں کتنے نالے صاف ہوگئے؟ چیف جسٹس وسیم اختر سے استفسار ۔۔۔۔۔۔کام شروع ہوگیا ہے، جامع منصوبہ بنالیا ٹینڈر کر رہے ہیں، شہر میں 36 نالے ہیں ٗمیئر کراچی
کراچی12مئی(ٹی این ایس)سپریم کورٹ کے چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے میئرکراچی وسیم اختر کو شہر کے نالوں کی صفائی کیلئے ایک ہفتے کی مہلت دے دی۔ہفتے کو سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں چیف جسٹس آف پاکستان میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں صاف پانی کی فراہمی سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی،سماعت کے دوران میئر کراچی وسیم اختر عدالت میں پیش ہوئے۔چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ بتائیں کتنے نالے صاف ہوگئے؟ ،جس پروسیم اختر نے کہا کہ کام شروع ہوگیا ہے، جامع منصوبہ بنالیا ٹینڈر کر رہے ہیں، شہر میں 36 نالے ہیں۔چیف جسٹس نے کہا کہ یہ خوشخبری کب سنائیں گے کہ کراچی گندگی سے صاف ہوگیا۔جسٹس فیصل عرب نے کہا کہ بارشیں آرہی ہیں پھر کیا ہوگاجس پرمیئر نے جواب دیا کہ 15 روز میں پیش رفت ہوجائے گی۔چیف جسٹس نے کہا کہ میئر صاحب مل کر کام کرنا اور صاف ستھرا ماحول ہر شہری کا حق ہے ٗہر کوئی اپنا حق ادا کرے، خود کو قوم کی خدمت کیلئے وقف کردیں۔چیف جسٹس ثاقب نثار نے ٹینڈرز اور ترقیاتی کاموں میں رکاوٹ کا معاملہ واٹر کمیشن کو بھیجنے کا حکم دیا جبکہ میئر کراچی کو ہدایت کی کہ ایک ماہ میں شہر کے تمام نالوں کی صفائی مکمل کی جائے۔