پرائمری اسکولز میں آج سے تدریسی سرگرمیوں کا آغاز ہوگیا

 
0
329

اسلام آباد 30 ستمبر 2020 (ٹی این ایس): عالمی وبا کورونا وائرس کے باعث چھ ماہ سے بند پرائمری اسکولز میں آج تدریسی سرگرمیوں کا آغاز ہوگیا ہے۔

پنجاب، سندھ اور خیبرپختونخوا میں نرسری سے پانچویں تک کے بچے آج اسکول جائیں گے۔ بلوچستان حکومت نے پرائمری اسکولز کھولنے کا فیصلہ مؤخر کر دیا ہے۔

تعلیمی اداروں میں کورونا سے بچاو کے احتیاطی تدابیر پر عمل لازمی ہوگا۔ صوبائی اور ضلعی مانیٹرنگ ٹیمیں ایس او پیز پر عملدرآمد یقینی بنائیں گی۔

ایس او پیز کی خلاف ورزی پر تعلیمی اداروں کو بند کیا جائے گا اور جرمانے بھی ہوں گی۔

بیماری کا پھیلاؤ روکنے کے لیے سماجی دوری اپنائی جائے گی۔ بچے اور والدین کیلئے ماسک پہننا لازمی ہوگا۔

والدین کو ہدایت کی گئی ہے کہ بچوں میں کھانسی یا بیماری کی علامات ظاہر ہونے پر انہیں اسکول ہر گز نہ بھیجیں۔ طبیعت زیادہ خراب ہو تو ٹیسٹ کرائیں، کورونا ٹیسٹ مثبت آنے پر فوری اسکول انتظامیہ کو آگاہ کریں۔

کسی بھی شخص کو درجہ حرارت چیک کیے بغیر تعلیمی اداروں میں داخل ہونے نہیں دیا جائے گا۔ بچے کسی سے ہاتھ نہیں ملائیں گے اور اسکول میں جھولا جھلنے پر بھی پابندی ہوگی۔

حکومت نے ملک بھر میں مرحلہ وار تعلیمی ادارے کھولنے کا فیصلہ کیا تھا۔ پہلے مرحلے میں یونیورسٹی، میٹرک اور انٹر میڈیٹ کے طالبعلموں کو بلایا گیا تھا۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی ہدایت کے مطابق ایک کلاس روم میں بچوں کی آدھی تعداد کو بٹھایا جائے گا۔

اسکول میں بچوں کو ہاتھ دھونے کی ترغیب دی جائے گی اور اس کو یقینی بنانا تعلیمی اداروں ذمہ داری ہوگی۔

محکمہ تعلیم کی مختلف ٹیمیں اسکولوں کا دورہ کریں گی اور ایس او پیز پر عملدرآمد کاجائز لیں گی۔