وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت وفاقی کابینہ اجلاس آج ہوگا

 
0
309

اسلام آباد 06 اکتوبر 2020 (ٹی این ایس): وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس میں سرکاری گاڑیاں وزیراعظم آفس کے ڈسپوزل پر رکھنے کے فیصلے کی منظوری جبکہ پی آئی اے کے مالی امور اور پاکستان ریلویز کی بحالی کےمنصوبے پر بریفنگ دی جائے گی۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت وفاقی کابینہ اجلاس آج ہوگا ، جس میں ملکی سیاسی،سلامتی اور مجموعی صورت حال کا جائزہ لیا جائے گا اور 15 نکاتی ایجنڈے پر غور کیا جائے گا۔

اجلاس میں سرکاری گاڑیاں وزیراعظم آفس کے ڈسپوزل پر رکھنے کے فیصلے اور ڈائریکٹر جنرل سی اے اے کے ایڈیشنل چارج کی توسیع کی منظوری دی جائے گی۔

وفاقی کابینہ کو پی آئی اے کے منافع اور نقصان سمیت معاشی اعشاریوں سے متعلق اور پاکستان ریلویز کی بحالی کے ازسرنو پلان پر بریفنگ دی جائے گی۔

کابینہ اجلاس میں الیکٹرانک سرٹیفکیشن ایکریڈیشن کونسل ملازمین کے پے اسٹرکچر تبدیلی اور اسٹیٹ لائف انشورنس کارپوریشن کےایگزیکٹو ڈائریکٹر کی تعیناتی کی منظوری دے گی۔

اسلام آباد وائلڈ لائف بورڈ کے غیر سرکاری ارکان نامزدگی کا معاملہ ، انٹربورڈکمیٹی آف چیئرمین کےسیکریٹری کی تقرری کی منظوری اور لیگل ایڈ اینڈ جسٹس اتھارٹی ایکٹ 2020 لاگو کرنےکی تاریخ کی منظوری ایجنڈے کا حصہ ہیں۔

وفاقی کابینہ اقتصادی رابطہ کمیٹی اور کابینہ کمیٹی قانون سازی کے فیصلوں کی توثیق کرے گی۔