مزارقائد پر ہلڑ بازی قانون کی خلاف ورزی ہے، شبلی فراز

 
0
548

اسلام آباد 22 اکتوبر 2020 (ٹی این ایس): وفاقی وزیر اطلاعات شبلی فراز نے کہا ہے کہ اپوزیشن جماعتیں کرپشن چھپانے کے لیے ایک ہو گئی ہیں۔

پریس کانفرنس کے دوران شبلی فراز کا کہنا تھا کہ انہوں نے مزار قائد کی بے حرمتی اور ناٹک کیا، مزارقائد پر ہلڑ بازی قانون کی خلاف ورزی ہے، یہ ذہنی طور پر گھبراہٹ کا شکار ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عوام کو ورغلانے والوں کی حقیقت کو سب جانتے ہیں، یہ کمروں میں ایک بات کرتےہیں ،باہر آ کر دوسری بات کرتے ہیں، بنارسی ٹھگوں کا دوسرا گروپ مسلم لیگ ن ہے۔

شبلی فراز کا کہنا تھا کہ ملکی معیشت بہتر طریقے سے چل رہی ہے، کورونا کی مشکلات کے باوجود معیشت بہتر ہوگئی۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ سمجھتے ہیں چادر اور چار دیواری صرف مریم نواز اور کیپٹن (ر) صفدر ہیں، کیا یہ بھول گئے کہ ماڈل ٹاؤن میں حاملہ خواتین کے چہروں پر گولیاں ماری گئیں۔ وہ وقت بھول گئےجب بی بی شہید کی تصاویر ہیلی کاپٹر سے گرائی تھیں؟

وزیر اطلاعات نے کہا کہ وزیراعلیٰ سندھ نے اسمبلی فلور پر سفید جھوٹ بولا، وزیراعلیٰ سندھ کے جھوٹ کی مذمت کرتا ہوں، سندھ حکومت کی نااہلی کو چھپانے کی کوشش کی جارہی ہے۔

پریس کانفرنس کے دوران وزیر اعظم کے معاون خصوصی شہزاد اکبر کا کہنا تھا کہ کچھ روز پہلےمزار قائد پر ہلڑ بازی ہوئی، صبح پتہ چلا کہ مزار قائد کی بےحرمتی پر مقدمہ درج کیا گیا، مقدمے کے بعد کیپٹن (ر) صفدر کو گرفتار کیا گیا۔

شہزاد اکبر کا کہنا تھا کہ سندھ پولیس کی طرف سے بیان آیا کہ کارروائی ضابطے کے مطابق کی گئی، اگر آئی جی کو اغوا کیا گیا ہوتا تو کیا پولیس کا بیان آتا؟

انہوں نے کہا کہ قابل ضمانت کیس میں گرفتاری سمجھ سے بالاتر ہے، مرادعلی شاہ آپ کیا چھپانے کی کوشش کر رہے ہیں؟ اب تو آئی جی اغوا نہیں، ایف آئی آر درج کیوں نہیں کراتے۔