برآمدات بڑھانے کیلئے سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں،سردار تنویر الیاس

 
0
227

پنجاب متعدد صنعتوں کیلئے خام مال فراہم کرتا ہے،شیخوپورہ چیمبر آف کامرس کے وفد سے گفتگو
لاہور 23 اکتوبر 2020 (ٹی این ایس): وزیر اعلی پنجاب کے معاون خصوصی برائے کاروبار،سرمایہ کاری و تجارت اور چیئرمین پنجاب بورڈ آف انوسٹمنٹ سردار تنویر الیاس خان نے کہا ہے کہ برآمدات میں اضافے کیلئے پنجاب میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں۔پنجاب ٹیکسٹائیل اور فوڈ پروسیسنگ کی متعدد صنعتوں کیلئے خام مال مہیا کرتا ہے۔
اس کے علاوہ کپاس،گنا،گندم،چاول،
مکئی،آلو،آم،کھجور اور سٹرس فروٹ کی بھرپور پیداوار ہوتی ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے شیخوپورہ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے وفد سے بات چیت کرتے ہوئے ہوئے کیا جس میں صدر عادل محمود کی قیادت میں وفد نے ان سے ملاقات کی۔
وفد میں منظور الحق ملک،طارق نذیر اور اسامہ طارق بھی شامل تھے۔شیخوپورہ چیمبر کے صدر نے کہا کہ حکومت ٹال مینوفیکچرنگ پر ترجیحی بنیاد پر توجہ مرکوز کرے کیونکہ چین اپنی صنعت دوسرے ممالک میں منتقل کر رہا ہے اور کہا کہ چینی صنعتوں کا بڑا حصہ پاکستان خصوصا پنجاب میں منتقل ہونا چاہیے۔اس مقصد کیلئے لاہور،فیصل آباد،گوجرانوالہ،سیالکوٹ اور جنوبی پنجاب کے اہم شہروں میں ایکسپورٹ پروسیسنگ زونز قائم کیئے جائیں۔انہوں نے کہا کہ اس طرح کے زونز بنانے کے لیئے کراچی میں زمین دستیاب نہیں۔ہماری توجہ کاٹن یارن انڈسٹری پر ہونی چاہیے۔آئی ٹی سیکٹر اور دیگر صنعتوں میں بھی بھرپور مواقع موجود ہیں جن میں ہمارے ملک کا خام مال استعمال ہو سکتا ہے۔ان اہداف کے حصول کے لیے ہمیں سستا اور تیز رفتار ٹرانسپوراتیس سسٹم درکار ہے۔حکومت ریلوے کے ذریعے تجارت کی آپ گریڈیشن کو ترجیح دے اس سے پیداواری لاگت کا کم کرنے اور روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے میں مدد ملے گی۔وفد سے گفتگو کرتے ہوئے سردار تنویر الیاس خان نے کہا کہ پنجاب میں پھلوں کو محفوظ کرنے،تازہ پھلوں اور سبزیوں کو پیک کرنے کھاد و کیڑے مار ادویات،آب پاشی کے نظام،سبزیاں اور پھل خشک کرنے کارپوریٹ فارمنگ،بیج تیار کرنے،کولڈ اسٹوریج،ریفریجریٹڈ ٹرانسپورٹ اور خوردنی تیل کی پیداوار میں سرمایہ کاری کا وسیع سکوپ ہے۔سردار تنویر الیاس خان نے کہا کہ پنجاب میں معدنیات کی کان کنی کے بھی وسیع مواقع موجود ہیں اور سرمایہ کار یہاں غربت میں کمی،انفراسٹرکچر کو بہتر بنانے ،سماجی ترقی اور پاکستان کو درست سمت آگے بڑھانے میں مدد کر سکتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب میں سیاحت کے شعبے پر کبھی توجہ نہیں دی گئی حالانکہ دنیا کے بہت سے ممالک میں یہ اہم صنعت ہے،انہوں نے کہا کہ پنجاب میں بے شمار مذہبی اور ثقافتی ورثہ موجود ہیں مگر سیاحت کے شعبہ پر کوئی توجہ نہیں دی گئی۔انہوں نےکہا کہ محکمہ سیاحت کو اس حوالے سے اصلاحات پیکج اور ہم آہنگ قواعد تیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے تاکہ پبلک پرائیویٹ شراکت داری کے تحت مطلوبہ سرمایہ کاری فراہم کی جاسکے۔وزیر اعلیٰ کے معاون خصوصی نے کہا کہ پاکستان صحت کے شعبے میں سہولیات کی فراہمی کی کوششیں کر رہا ہے۔ صحت کے نجی شعبے میں توسیع ہوئی ہے مگر اس میں ابھی مزید گنجائش باقی ہے تاکہ عوام کو ایک موثر سہولت فراہم کی جا سکے۔ علاج معالجے کے علاوہ ڈائگناسٹک آلات ،لیبارٹری ایکوئپمنٹ، لیزر سرجری کے آلات اور موبائل ہسپتالوں جیسے شعبے میں مزید سرمایہ کاری ہو سکتی ہے۔