ترکی میں جمعہ اور ہفتہ مکمل لاک ڈاؤن نافذ

 
0
4828

ترکی 01 دسمبر 2020 (ٹی این ایس): ترکی نے کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے کیسز کو کم کرنے کے لیے ہفتے کے آخری دنوں (ہفتے اور اتوار) کو مکمل لاک ڈاون نافذ کرنے کا اعلان کر دیا۔ ترکی صدر رجب طیب ایردوان نے کہا کہ حالیہ ہفتوں کے دوران نئے کیسز اور اموات میں اضافے کے بعد ہفتے اور اتوار کو مکمل لاک ڈاؤن کیا جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ پورے ہفتے کے آخر میں جمعہ کی شام 9 بجے سے پیر کی صبح 5 بجے تک گھر سے نکلنے کی اجازت نہیں ہوگی۔

خیال رہے کہ ترکی میں کورونا وائرس سے 13 ہزار 700 سے زائد اموات ہوئی ہیں جبکہ 6 لاکھ 38 ہزار سے زائد افراد متاثر ہیں۔

عالمی وبا کورونا وائرس کے سبب دنیا میں 6 کروڑ 35 لاکھ 84 ہزار سے زائد افراد متاثر اور 14 لاکھ 73 ہزار 741 اموات ہوئی ہیں۔

دنیا میں کورونا کے 4 کروڑ 39 لاکھ 80 ہزار97 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں اور ایک کروڑ 81 لاکھ 30 ہزار سے زائد زیر علاج ہیں۔

امریکہ میں کورونا کی صورتحال سب سے خوفناک ہے جہاں 2 لاکھ 74 ہزار 332 اموات اور ایک کروڑ 39 لاکھ 19 ہزار سے زائد کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں۔

بھارت کورونا کیسز کے اعتبار سے دنیا میں دوسرے نمبر پر ہے جہاں اموات کی تعداد ایک لاکھ 37 ہزار 659 اور 94 لاکھ 63 ہزار سے زائد افراد میں وائرس کی تشخیص ہو چکی ہے۔

برازیل میں کورونا سے ہونے والی اموات کی مجموعی تعداد ایک لاکھ 73 ہزار165 اور 63 لاکھ 36 ہزار سے زائد افراد متاثر ہیں۔

روس میں 22 لاکھ 95 ہزار سے زائد افراد کورونا وائرس سے متاثر ہو چکے ہیں اور اموات کی مجموعی تعداد 39 ہزار 895 ہے۔ فرانس میں 22 لاکھ 22 ہزار سے زائد افراد متاثر اور 52 ہزار731 جان کی بازی ہار چکے ہیں۔