فیڈمک کے اکنامک زونز سرمایہ کاروں کو مثالی انفراسٹریکچر و سہولیات فراہم کر رہے ہیں۔ سردار یاسر الیاس خان

 
0
312

علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی میں چیمبر کے ممبران کو مخصوص انڈسٹریل کلسٹر دینے کو تیار ہیں۔ میاں کاشف اشفاق

فیڈمک کی طرز پر ملک کے دیگر حصوں میں بھی اکنامک زونز قائم کئے جائیں، میاں اکرم فرید، خالد جاوید

اسلام آباد 07 دسمبر 2020 (ٹی این ایس): اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر سردار یاسر الیاس خان کی قیادت میں صنعتکاروں اور کاروباری اداروں کے سربراہوں و نمائندوں پر مشتمل ایک 45 رکنی وفد نے فیصل آباد انڈسٹریل اسٹیٹ ڈویلپمنٹ اینڈ مینجمنٹ کمپنی (فیڈمک) کے اسپیشل اکنامک زونز کا دورہ کیا۔ فاؤنڈر گروپ کے چیئرمین میاں اکرم فرید، چیمبر کے نائب صدر عبدالرحمٰن خان، خالد جاوید، طارق صادق، ناصر قریشی، محمد اعجاز عباسی،ناصر خان، شعبان خالد، چوہدری وحید الدین، ظفر بختاوری، افتخار انور سیٹھی، کریم عزیز ملک، محمود وڑائچ، محبوب احمد خان، شکیل منیر، جاوید اقبال، عمر حسین، محمد شاکر، عثمان خالد، میاں عارف حسین، نعیم صدیقی، طاہر ایوب اور دیگر وفد میں شامل تھے۔ 

چیئرمین فیڈمک میاں کاشف اشفاق نے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے وفد کو سی پیک کے تحت بننے والے ترجیحی سپیشل اکنامک زون علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی اور ایم تھری انڈسٹریل سٹی کا دورہ کروایا۔ فیڈمک کے چیف ایگزیکٹو آفیسر عامر سلیمی  ودیگر افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔ وفد نے فیڈمک کے زون میں چیمبر کے سابق صدر خالد جاوید کی طرف سے قائم کردہ اتحاد سٹیل فیکٹری اور ہنڈا اسمبلنگ پلانٹ کا بھی دورہ کیا اور ان میں جاری پیداواری سرگرمیوں کا جائزہ لیا۔

اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری  کے صدر سردار یاسر الیاس خان نے فیڈمک کے اکنامک زونز میں دستیاب سہولیات اور جاری ترقیاتی کاموں کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ اکنامک زونز پاکستان میں سرمایہ کاری کے لئے مثالی ماحول فراہم کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چیئرمین میاں کاشف اشفاق کی زیر قیادت فیڈمک کے اکنامک زونز میں عالمی معیار کا انفراسٹریکچر اور تمام مطلوبہ سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں جو قابل ستائش ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو پائیدار ترقی حاصل کرنے کیلئے ایک صنعتی انقلاب برپا کرنے کی ضرورت ہے جس کیلئے ملک کے طول و عرض میں اس طرح کے جدید انفراسٹریچکر سے آراستہ اکنامک زونز کا قیام بہت ضروری ہے۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ فیڈمک کے اکنامک زونز میں ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاری کو بہتر فروغ ملے گا اور پاکستان کی معیشت استحکام کی طرف بڑھے گی۔ انہوں نے کہا کہ چیمبر کے وفد کے بعض اراکین نے فیڈمک میں سرمایہ کاری کرنے میں دلچسپی کا مظاہرہ کیا ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ جلد ہی غیر ملکی سفراء کے وفد کو بھی فیڈمک کا دورہ کروائیں گے تاکہ ان زونز میں دستیاب سہولیات کا جائزہ لے کر اپنے ممالک کے سرمایہ کاروں کو یہاں سرمایہ کاری کرنے کی ترغیب دیں۔ انہوں نے کہا کہ چیمبر میں فیڈمک کا ایک سہولت ڈیسک بھی قائم کیا جائے گا تا کہ چیمبر کا دورہ کرنے والے غیر ملکی تجارتی وفود اور دیگر سرمایہ کاروں کو فیڈمک کے اکنامک زونز میں پائے جانے والے سرمایہ کاری کے مواقعوں سے آگاہ کیا جائے۔ 

فاؤنڈر گروپ کے چیئرمین میاں اکرم فرید اور چیمبر کے سابق صدر خالد جاوید نے بھی فیڈمک کے اکنامک زونز کی تعریف کی اور کہا کہ حکومت اسلام آباد سمیت ملک کے دیگر علاقوں میں بھی اسی طرح کے اکنامک زونز قائم کرنے پر توجہ دے۔ خالد جاوید نے کہا کہ انہوں نے علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی میں اپنا ایک انڈسٹریل یونٹ لگایا ہوا ہے اور وہ فیڈمک کی طرف سے مطلوبہ سروسز و سہولیات کی فراہمی سے پوری طرح مطمئن ہیں۔ 

  چیئرمین فیڈمک میاں کاشف نے اپنے خطاب میں آئی سی سی آئی کے وفد کو پیشکش کی کہ انہیں علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی میں 200 سے 300 ایکڑ پر مشتمل الگ کلسٹر مہیا کیا جا سکتا ہے جہاں صرف اسلام آباد چیمبر کے اراکین ہی سرمایہ کاری کر سکیں گے اور اس کلسٹر میں ان کی ضرورت کے مطابق درکار سہولیات ترجیحی بنیادوں پر فراہم کی جائیں گی۔  انہوں نے مزید کہا کہ علامہ اقبال انڈسٹری سٹی میں ترقیاتی کام تیزی سے جاری ہے اور اس وقت پانچ بڑے صنعتی اداروں نے اپنے پروڈکشن پلانٹس کی تعمیر بھی شروع کر دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس اکنامک زون میں سرمایہ کاری کرنے والوں کو آئندہ سال سے مارکیٹ کے مقابلے میں سستی بجلی فراہم کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت بھی علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی میں پانچ میگاواٹ بجلی فراہم کی جا رہی ہے جس میں جلد 20 میگاواٹ کا مزید اضافہ ہو جائے گا جبکہ ‘این ٹی ڈی سی ‘ اور نیپرا نے فیڈمک کو 500 میگاواٹ بجلی کی براہ راست فراہمی کی بھی منظوری دیدی ہے۔انہوں نے کہا کہ سرمایہ کاروں کی سہولت کے لئے علامہ اقبال انڈسٹری سٹی میں یوٹیلٹی سروسز سنٹر قائم کیا جا رہا ہے جہاں فیسکو اور سوئی سدرن گیس کمپنی کے نمائندے موجود ہوں گے اور بجلی یا گیس کنکشن حاصل کرنے کیلئے کسٹمرز کو ان اداروں کے ہیڈآفسز کے چکر نہیں لگانے پڑیں گے۔