معاون خصوصی سردار تنویر الیاس خان کا چینی قونصلیٹ کا دورہ وزیر اعلیٰ پنجاب کے معاون خصوصی و چئیرمن پنجاب سرمایہ کاری بورڈ سردار تنویر الیاس خان نے لاہور میں عوامی جمہوریہ چین کے قونسلیٹ کا دورہ کیا

 
0
944

اسلام آباد 07 دسمبر 2020 (ٹی این ایس): معاون خصوصی سردار تنویر الیاس خان کا چینی قونصلیٹ کا دورہ
وزیر اعلیٰ پنجاب کے معاون خصوصی و چئیرمن پنجاب سرمایہ کاری بورڈ سردار تنویر الیاس خان نے لاہور میں عوامی جمہوریہ چین کے قونسلیٹ کا دورہ کیا۔ چین کے لاہور میں تعینات قونصلر جنرل لونگ پنگ بن نے گرمجوشی سے استقبال کیا۔
اس موقع پر باہمی دلچسپی کے امور اور پنجاب میں چینی سرمایہ کاری کے لیے فراہم کی گئی سہولیات اور کاروبار کے حجم کو بڑھانے کے لیے کیے گئے مختلف اقدامات بھی زیر بحث لاۓ گۓ۔
اس موقع پر چینی قونصل جنرل نے معاون خصوصی سردار تنویر الیاس خان کا قونصلیٹ آمد پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ چینی صنعت کاروں ، سرمایہ داروں کے اعتماد کو مضبوط بنانے اور پنجاب میں موجود سرمایہ کاری کے مواقعوں سے زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھانے کی ترغیب دینے کے لیے مشترکہ لائحہ عمل اپنانے پر اتفاقِ ہوا۔

وزیر اعلیٰ پنجاب کے معاون خصوصی سردار تنویر نے برادرانہ جذبات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ تاریخی پسِ منظر کی حامل پاک چین دوستی کسی مثال سے کم نہیں۔ دونوں ملکوں کے عوام اور لیڈر شپ کے درمیان اعتماد اور ذہنی ہم آہنگی مضبوط رشتہ قائم ہے۔سی پیک کے منصوبے نے دوستی کے رشتے کو پاکستان اور چائنہ کی سماجی ومعاشی ترقی کے ساتھ ساتھ خطے میں کاروباری سرگرمیوں میں مزید مضبوط کیا ہے اور انشاللہ آگے چل کر کاروباری سرگرمیوں میں مزید اضافہ ہو گا۔
وزیر اعلیٰ پنجاب کے معاون خصوصی سردار تنویر الیاس خان اور قونصل جنرل نے پنجاب بورڈ اور چینی قونصل خانے کے درمیان باضابطہ اور مستقل رابطوں پر اتفاق کیا اور دونوں اداروں کے افسران پر مشتمل ایک ورکنگ گروپ تشکیل دینے کا فیصلہ کیا گیا ۔اس سے پنجاب میں سرمایہ کاری کے موجود مواقعوں کو چینی کاروباری خطے میں روشناس کروایا جائے اور صنعتی اشتراک کی کوششوں کو توانا کیا جا سکے۔
چینی قونصل جنرل نے معاون خصوصی سردار تنویر الیاس خان کو آگاہ کیا پہلے مرحلے کی تکمیل کے بعد سی پیک اب صنعتی شراکت داری کے مرحلے میں داخل ہو چکا ہے جس میں پنجاب کے اندر بڑے پیمانے پر چینی سرمایہ کاری کی توقع ہے۔جس سے روزگار کے بے شمار مواقع پیدا ہونگے۔
اس پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ پنجاب کے معاون خصوصی سردار تنویر الیاس خان نے کہا کہ سی پیک کا منصوبہ کامیابی اور اعتماد کے ساتھ جاری ہے اور انشاللہ اس منصوبے کی بدولت پاک چین دوستی کو مزید تقویت ملے گی۔وزیر اعظم پاکستان عمران خان کے ویژن کی تکمیل کے لیے وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی سربراہی میں پنجاب سرمایہ کاری بورڈ کا ادارہ چینی سرمایہ کاروں کے ساتھ ساتھ دنیا بھر سے آنے والے سرمایہ کاروں کو سہولیات فراہم کرنے کے لیے مسلسل رابطے میں ہے اور پنجاب میں سرمایہ کاروں کے مسائل کو ترجیح بنیادوں پر حل کرنے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے