جہانگیر ترین گروپ کے ارکان نے عمران خان پر اعتماد کا اظہار کیا ہے، فواد چوہدری

 
0
209

اسلام آباد 22 مئی 2021 (ٹی این ایس): وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ جہانگیر ترین گروپ کے ارکان نے عمران خان پر اعتماد کا اظہار کیا ہے، فیصلہ کیا ہے کہ تمام معاملات مل بیٹھ کر حل کریں گے، تنظیمی طریقے سے مسائل حل کیے جائیں گے، نہ جہانگیر ترین ریلیف مانگیں گے نہ عمران خان ایسا کریں گے۔

جہانگیر ترین گروپ کے صوبائی وزیر نعمان لنگڑیال نے وفاقی وزیر فواد چوہدری کے اعزاز میں ظہرانہ دیا جس میں وفاقی وزیر نے 7 سے زائد اپم پی ایز سے بات چیت کی اور بعد میں میڈیا سے گفگتو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ جہانگیرترین کے حوالے سے بنائی گئی کمیٹی کی رپورٹ کا انتظار ہے، باہمی مسائل کو مل بیٹھ کر حل کریں گے، ہم سب ایک خاندان کی طرح ہیں ان اراکین نے وزیراعظم پر اعتماد کا اظہار کیا ہے یقینا اب اپوزیشن کی لُڈیاں ختم ہو جائیں گی۔

وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری پارٹی کے سیکرٹری جنرل عامرکیانی کے ہمراہ ترین گروپ کے صوبائی وزیر ملک نعمان لنگڑیال کی رہائش گاہ پہنچے۔

ظہرانے پر ترین گروپ کے ارکان نے ایک بار پھر پنجاب حکومت کے خلاف شکایتوں کے دفتر کھول دیے۔

نذیر چوہان نے کہا کہ حکومت جہانگیر ترین کیس میں علی ظفر رپورٹ منظرعام پر لائے۔

وفاقی وزیر اطلاعات کا کہناہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے اندرکسی نئے گروپ کی بات درست نہیں ہے، کسی رکن اسمبلی کو فنڈز نہیں دیے جارہے، صرف عمران خان ہی نہیں عام لوگ بھی نظام عدل اور احتساب سے مطمئن نہیں، عمران خان کبھی جہانگیر ترین کی کوئی سفارش نہیں کریں گے، پہلے دن سے یہ کہا کہ قومی احتساب بیورو (نیب) اتنا اوپر نہ جائے کہ کسی کیس کو منطقی انجام تک نہ پہنچا سکے۔

فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ ناراض ارکان کے مؤقف میں وزن ہے، ان کے مسائل حل کرنے کے لیے روابط بہتر کریں گے۔

ملاقات میں 6 رکنی کوآرڈینیشن کمیٹی بنادی گئی جو ترین گروپ سے کیے گئے وعدوں پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کے لیے کام کرے گی۔