اسرائیل کے ساتھ ترکی کے سفارتی تعلقات بحال، سفیر نامزد

 
0
238

اسلام آباد 14 دسمبر 2020 (ٹی این ایس): ترکی اور اسرائیل کے درمیان 2 سال قبل سفارتی تعلقات منقطع ہوگئے تاہم اب ایک بار پھر یہ تعلقات بحال ہوگئے ہیں۔

ترکی نے غزہ میں فلسطینیوں پر حملوں کے ردعمل میں 2018 میں اسرائیل سے اپنا سفارتکار واپس بلا لیا تھا جس کے جواب میں اسرائیل نے بھی اپنے سفیر کو واپس بلایا تھا۔

تاہم اب ترکی نے دو سال کے وقفے کے بعد اسرائیل کیلئےاپنا سفیر نامزد کر دیا اور صدر طیب اردوان نے 40 سالہ افق اولوتاس کو اسرائیل میں سفیر مقرر کیا ہے۔

افق اولوتاس تیز و ہوشیار، فلسطین کاز کے حامی اور ایران کے امور کے ماہر سمجھے جاتے ہیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ترکی کا یہ فیصلہ نو منتخب امریکی انتظامیہ سے تعلقات بہتر بنانے کی کوششوں کا حصہ ہے۔

تاہم اسرائیل نےاب تک جواب میں ترکی سفیر واپس بھیجنے کا اعلان نہیں کیا۔

خیال رہے کہ گزشتہ 2 ماہ کے دوران اب تک 4 عرب ممالک اسرائیل کو تسلیم کرنے کا اعلان کرچکے ہیں جن میں متحدہ عرب امارات، بحرین، سوڈان اور مراکش شامل ہیں۔