فیض آباد آپریشن کی ناکامی ، 4پولیس افسران کو تبدیل کرنے کا فیصلہ کرلیا، عین اُس وقت اعلیٰ پولیس افسر کی فون کال پر فورس کو واپسی کے احکامات جاری کیے گئے جب آپریشن تقریبا تکمیل کو پہنچ چکا تھا اور دھرنا قائدین معافیاں مانگ رہے تھے، انکشاف

 
0
373

اسلام آباد، نومبر 27 (ٹی این ایس): حکومت نے  فیض آباد آپریشن کی ناکامی پر راولپنڈی اور اسلام آباد کے 4پولیس افسران کو تبدیل کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔

وزارت داخلہ کے ذرائع کے مطابق تبدیل یا ہٹائے جانے والے ،اسلام آباد کے ایس ایس پی ساجد کیانی ،اے آئی جی کیپٹن الیاس، راولپنڈی کے سی پی او اسرار عباسی اور آر پی او فخر سلطان راجہ  ہیں۔

24نومبر کو صبح 8 بجے کے قریب آپریشن شروع کیا گیا جو کامیابی سے جاری تھا،  10بجے کے قریب پولیس اور ایف سی کے اہلکار دھرنے کی جگہ پر پہنچ چکے تھے، دھرناقائدین کے مرکزی کنٹینر سے معافی کی صدائیں بھی بلند ہو رہی تھیں۔

مگرعین اُس وقت اعلیٰ پولیس افسر کی فون کال پر فورس کو واپسی کے احکامات جاری کیے گئے، آپریشن کی کمان کرنے والے ایس پی نے فورس کو پیچھے ہٹنے اور شیلنگ کم کرنے کے احکامات صادرکئے۔ احکامات ملتے ہی پولیس فورس نے دوڑ لگا دی اور آپریشن ناکامی سے دوچار ہو گیا،

ذرائع کے مطابق راولپنڈی میں ہلاکتوں کی وجہ پولیس کی بر وقت عدم تعیناتی  تھی ، سی پی او اور آر پی او کو حالات کی نزاکت کا احساس اس وقت ہوا جب شہر میں آگ بھڑک  چکی تھی۔

آپریشن کی ناکامی اور ہلاکتوں کے بعد وزارت داخلہ نے راولپنڈی اور اسلام آباد کے پولیس افسران کی تبدیلی کا  فیصلہ کر لیا گیا۔