ٹیکسلا (ٹی این ایس) جاپان کا ٹیکسلا میوزیم کو 48.8 ملین ین کے جدید آلات کی فراہمی، ثقافتی ورثے کے تحفظ میں اہم پیش رفت

 
0
6

ٹیکسلا – 16 فروری 2026 (ٹی این ایس) :جاپان کا ٹیکسلا میوزیم کو 48.8 ملین ین کے جدید آلات کی فراہمی، ثقافتی ورثے کے تحفظ میں اہم پیش رفت گندھارا تہذیب کے مرکز ٹیکسلا میوزیم میں جدید نمائش و تحفظی سامان کی تنصیب، پاکستان اور جاپان کے تعاون کو مزید تقویت

 ٹیکسلا میوزیم کو حکومتِ جاپان اور جاپان انٹرنیشنل کوآپریشن ایجنسی (جائیکا) کے تعاون سے 48.8 ملین جاپانی ین مالیت کا جدید نمائش اور تحفظِ آثارِ قدیمہ کا سامان فراہم کر دیا گیا۔ یہ اقدام پاکستان کے ثقافتی ورثے کے تحفظ کی جانب ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان میں جاپان کے سفیر اکامتسو سویشی نے ٹیکسلا کی تاریخی اور روحانی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے اسے گندھارا تہذیب کا مرکز قرار دیا۔ انہوں نے پاکستان اور جاپان کے درمیان آثارِ قدیمہ کے شعبے میں مزید تعاون کی امید ظاہر کی تاکہ مشترکہ ورثے کی دریافت، حفاظت اور ترویج کو فروغ دیا جا سکے۔

محکمہ آثارِ قدیمہ پنجاب کے چیف کنزرویٹر مقصود احمد ملک نے جاپان اور جائیکا کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ فراہم کردہ جدید آلات سے میوزیم میں نمائش کے معیار، سائنسی بنیادوں پر تحفظ، تحقیق اور عوامی آگاہی کے فروغ میں نمایاں بہتری آئے گی۔

جائیکا پاکستان آفس کے چیف نمائندہ میاتا نے کہا کہ عجائب گھر باہمی ہم آہنگی، ثقافتی تبادلے اور پائیدار ورثہ مینجمنٹ کے مؤثر پلیٹ فارم کے طور پر کردار ادا کرتے ہیں۔

تقریب نے ثقافتی ورثے کے تحفظ کے شعبے میں پاکستان اور جاپان کے مابین جاری مضبوط شراکت داری کو مزید اجاگر کیا۔