او جی ڈی سی ایل نے کوہاٹ میں تیل و گیس کے نئے ذخائر دریافت کر لئے

 
0
234

اسلام آباد 24 دسمبر 2020 (ٹی این ایس): آئل اینڈ گیس ڈویلپمنٹ کمپنی لمیٹڈ(او جی ڈی سی ایل) نے ایکسپلوریٹری کنواں سیاب1-جو کہ ضلع کوہاٹ صوبہ خیبر پختونخواہ میں واقع ہے سے تیل و گیس کے نئے ذخائر دریافت کر لئے ہیں۔یہ کنواں براتائی بلاک کے جائنٹ وینچر کے تحت جس میں آئل اینڈ گیس ڈویلپمنٹ کمپنی لمیٹڈ(او جی ڈی سی ایل)بطور97.5فیصد حصہ کی ملکیت کے ساتھ بطور آپریٹر اور(کے پی اوجی سی ایل)2.5فیصد حصہ کی مالک ہے۔
سیاب1- کنواں او جی ڈی سی ایل کی ذاتی کاوشوں کا ثمر ہے۔مذکورہ کنویں کی ساخت او جی ڈی سی ایل نے اپنے ٹیکنیکل ماہرین اور انجینئرز پر انحصار کرتے ہوئے مکمل کی جس کی 5500میٹرز تک کھدائی کی گئی اورگیس اور کنڈنسیٹ کی دریافت کو ممکن بنایا گیا۔ہول لاگز ڈیٹا کی بنیاد پر سماناسک فارمیشن سے 190 پاﺅنڈز فی مربع انچ ویل ہیڈ فلوئنگ پریشر پر 32/64چوک کے ذریعے اس کنویں سے 1.6ملین اسٹینڈرڈ کیوبک فٹ یومیہ گیس جبکہ 12بیرل یومیہ کنڈنسیٹ کی پیداوار حاصل ہوگی۔
اس کے علاوہ 387پاﺅنڈز فی مربع ویل ہیڈ فلوئنگ پریشر پر 32/64چوک کے ذریعے لمشیوال/ہنگو فارمیشن سے بھی او جی ڈی سی ایل نے 4.18ملین اسٹینڈرڈ کیوبک فٹ یومیہ گیس جبکہ 32بیرل یومیہ کنڈنسیٹ کے ذخائر حاصل کئے ہیں۔سیاب1-کی یہ نئی دریافت او جی ڈی سی ایل کے ماہرین کی کامیاب ایکسپلوریشن منصوبہ بندی اور شاندار حکمت عملی کا نتیجہ ہے۔اس دریافت سے نا صرف نئی راہیں ہموار ہوں گی بلکہ اس سے او جی ڈی سی ایل اور اس کے ساتھ ساتھ کے پی او جی سی ایل اور اس کے ساتھ ملک کے ہائیڈروکاربن کے ذخائر میں بھی اضافہ ہو گا اور ملک میں تیل و گیس کے شعبے میں پائی جانے والی طلب و رسد کے فرق کو کم کرنے میں بھی مدد ملے گی۔