کرسمس کے موقع پر امریکہ میں دھماکہ، متعدد افراد زخمی

 
0
9672

امریکہ 26 دسبمر 2020 (ٹی این ایس): امریکی ریاست ٹینسی کے شہر نیشویل میں کرسمس کے موقع پر دھماکا ہوا جس میں تین افراد زخمی ہو گئے ہیں۔نیشویل میٹرو پولیٹن پولیس کے مطابق دھماکے میں زخمی ہونے والے تینوں افراد کو اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔بین الاقوامی خبر ایجنسی کا اس بابت کہنا ہے کہ دھماکے سے قبل ریکارڈنگ میں لوگوں کو دور ہونے کا کہا جارہا تھا۔پولیس نے ملزمان تک پہنچنے کے لیے شہریوں سے تعاون کی اپیل کی ہے۔

نیشویل میٹرو پولیٹن پولیس کا کہنا ہے کہ دھماکہ ایک گاڑی میں نصب بم سے کیا گیا، ابتدائی تفتیش کے مطابق بم دھماکے سے 15 منٹ قبل ہی نصب کیا گیا تھا۔

بین الاقوامی خبر ایجنسی سے گفتگو کرتے ہوئے پولیس نے یہ بھی بتایا کہ ب کی اطلاع ملنے پر پولیس راستے میں تھی کہ دھماکہ ہو گیا تاہم اردگرد کی عمارتوں کو خالی کرا لیا گیا تھا۔

گزشتہ روز دنیا بھر میں کرسمس کا تہوار منایا گیا تاہم کورونا وبا کی وجہ سے کرسمس کی رونقیں کچھ ماند پڑ گئیں۔ اٹلی میں ویٹی کن سٹی اور مقبوضہ بیت المقدس کے شہر بیت اللحم میں محدود تعداد میں شرکا کے ساتھ کرسمس کی تقریبات کا انعقاد کیا گیا۔

ویٹی کن سٹی میں تقریب سے پوپ فرانسس نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خدا نے انہیں غریبوں کی خدمت اور ان سے محبت کے اظہار کا حکم دیا ہے۔ ویٹی کن سٹی میں کورونا کے باعث تقریب میں کم افراد کو مدعو کیا گیا تھا اس دوران پوپ فرانسس نے دعا بھی کروائی۔

مقبوضہ بیت المقدس میں بھی کرسمس کے موقع پر روایتی تقاریب کا اہتمام کیا گیا لیکن کورونا وبا کے باعث شرکا کی تعداد نہ ہونے کے برابر رہی۔

کرسمس کے موقع پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور ان کی اہلیہ نے دنیا بھر کی مسیحی برادری کو مبارکباد پیش کی اور کورونا وبا سے بچاؤ کی ویکسین کو کرسمس کا تحفہ قرار دیا۔

پیرس کے قدیم گرجا گھر میں آتشزدگی کے بعد پہلا کرسمس کانسرٹ منعقد کیا گیا۔