ایران نے امریکی صدر ٹرمپ کی گرفتاری کے لیے انٹرپول سے ایک مرتبہ پھر رجوع کر لیا

 
0
1538

ایران 06 جنوری 2021 (ٹی این ایس): ایران نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی گرفتاری کے لیے انٹرپول سے ایک مرتبہ پھر رجوع کر لیا ہے۔بین الاقوامی خبر ایجنسی کے مطابق ایران نے انٹرپول سے صدر ٹرمپ سمیت 48 عہدیداروں کے خلاف ریڈ وارنٹ جاری کرنے کی استدعا کی ہے۔

ایران کی وزارت انصاف کے ترجمان نے پریس کانفرنس میں انکشاف کیا کہ جنرل قاسم سلیمانی اور مہدی المہندس کی بغداد ایئرپورٹ پر امریکی حملے میں ہلاکت پر صدر ٹرمپ اور 48 اعلیٰ امریکی حکام کی گرفتاری کے لیے ایک بار پھر انٹرپول میں درخواست جمع کرائی ہے۔

ایرانی عدالت کا اس ضمن میں کہنا ہے کہ قاسم سلیمانی کو قتل کرنے والوں کو سزا دینے پر سنجیدگی سے عمل پیرا ہیں۔

ایران نے گزشتہ برس جنوری میں بغداد ایئرپورٹ پر حملے میں ملک کی سب سے اہم اور طاقتور قدس فورس کے مقبول ترین سربراہ جنرل قاسم سلیمانی کی ہلاکت کا ذمہ دار امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور 47 دیگر حکام کو قرار دیا تھا۔

قسم سلیمانی اور مہدی المہندس کی ہلاکت کے خلاف ایران نے انٹرپول سے ان افراد کے ریڈ وارنٹ جاری کرنے کی درخواست کی تھی جس پر کوئی کارروائی نہیں ہوئی۔

اب ایران کی طرف سے بین الاقوامی وارنٹ گرفتاری کے لیے دوسری بار درخواست دی گئی ہے۔

ایران میں تہران کے پراسیکیوٹر نے جنرل قاسم سلیمانی کی ہلاکت پر صدر ٹرمپ کی گرفتاری کے لیے وارنٹ بھی جاری کیے گئے تھے۔

ایران جنرل قاسم کا بدلہ لینے کے لیے کئی بار امریکا کو دھمکیاں بھی دے چکا ہے اور بغداد میں امریکی سفارت خانے اور فوجی اڈوں پر حملے بھی کیے گئے تھے۔