خواجہ آصف کے معروف ریسٹورنٹ میں پارٹنرشپ کے شواہد, مشکلات میں مزید اضافہ

 
0
167

اسلام آباد 23 جنوری 2021 (ٹی این ایس): نیب کو مسلم لیگ ن کے رہنما خواجہ آصف کی دبئی کے معروف ریسٹورنٹ میں پارٹنرشپ کے بھی شواہد مل گئے ، خواجہ آصف کی طارق میر اینڈ کمپنی میں پارٹنرشپ ہے۔

قومی احتساب بیورو (نیب) نے مسلم لیگ ن کے رہنما خواجہ آصف کی تفتیش سے متعلق رپورٹ احتساب عدالت میں جمع کرادی ، تفتیشی رپورٹ میں بتایا گیا کہ خواجہ آصف کی دبئی کے معروف ریسٹورنٹ میں پارٹنرشپ رہی جبکہ انھوں نے دبئی کی کمپنی میں ملازمت بھی اختیار کر رکھی ہے۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ خواجہ آصف کےمطابق 2012 میں انہوں نےریسٹورنٹ سےشراکت داری ختم کی اور 2017 میں انہوں نےملازمت بھی ترک کر دی تھی۔

خواجہ آصف کی طارق میر اینڈ کمپنی میں پارٹنرشپ ہے ، طارق میراینڈکمپنی کےاکاؤنٹ میں2009میں 100ملین کی ٹی ٹیزبھیجی گئیں تاہم خواجہ آصف شراکت داری اور ملازمت سےمتعلق تاحال ریکارڈ فراہم نہیں کر سکے۔

یاد رہے نیب نےخواجہ آصف کی 10 بڑی کمپنیوں میں انویسٹمنٹ،شئیرزکاپتا لگایا تھا ، رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ نیب نے پرائیویٹ بروکرسے خواجہ آصف کے شئیرز کی تفصیلات حاصل کیں، جس کے مطابق خواجہ آصف کےآئی ٹی کی ایک کمپنی میں ایک کروڑ سے زائد کے شئیرز، 3 بینکوں میں ایک کروڑ16لاکھ سے زائد کے شئیرز اور سوئی سدرن گیس پائپ لائنزمیں 77لاکھ سے زائد کے شیئرہیں۔

نیب نے بتایا تھا کہ خواجہ آصف اینگروکارپوریشن اورنیشنل ریفائنری لمیٹڈ میں 9 لاکھ 34 ہزارکے شیئر ، نجی فارماسیوٹیکل کمپنی میں 4 لاکھ 42 ہزاراورنجی کمپنی میں 7 لاکھ سے زائد شیئر کے مالک ہیں، خواجہ آصف نے2010 سے 2020 تک سرمایہ کاری کی اور شیئرخریدے۔