وزیراعلیٰ سندھ مرادعلی شاہ کی زیرصدارت پانچ ماہ بعد ایپکس کمیٹی کا اجلاس، مختلف اداروں نے امن امان کے حوالے سے بریفنگ دی

 
0
176

کراچی 25 جنوری 2021 (ٹی این ایس): سندھ میں وزیراعلیٰ سندھ مرادعلی شاہ کی زیرصدارت پانچ ماہ بعد ایپکس کمیٹی کا اجلاس ہو رہا ہے۔

اجلاس میں نئے کور کمانڈر، نئے ڈی جی رینجرز کے علاوہ صوبائی وزیر ناصر شاہ، مشیر قانون مرتضیٰ وہاب، چیف سیکریٹری ممتاز شاہ، آئی جی پولیس، پرنسپل سیکریٹری، سیکریٹری داخلہ، کمشنر کراچی، ایڈیشنل آئی جی کراچی اور مختلف اداروں کے صوبائی سربراہاں شریک ہیں۔

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ 2015 میں ایپکس کمیٹی قائم کی گئی تھی اور اس کے فیصلوں سے اچھے نتائج حاصل ہوئے ہیں ، ہم نے کراچی میں امن امان بحال کرنے میں کافی محنت کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ شہر بلکہ صوبے میں امن امان قائم کرنے میں ہمارے قانون نافذ کرنے والے اداروں نے بہت قربانیاں دی ہیں۔

مختلف اداروں نے امن امان کے حوالے سے ایپکس کمیٹی کو بریفنگ دی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ کچھ گروپس پڑوسی ملک کی حمایت سے مسائل پیدا کرنا چاہتے ہیں۔ کچھ قوم پرست گروپس بھی استعمال ہونے کیلئے ہمیشہ تیار ہیں۔

قانون نافذ کرنے والے اداروں کی مانیٹرنگ اور آپس میں کوآرڈینیشن سے حالات کنٹرول میں ہیں اور عسکریت پسند گروہوں کے خلاف ٹارگیٹڈ آپریشن جاری ہے۔