اسلام آباد 26 جنوری 2021 (ٹی این ایس): فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) امیگریشن کی جانب سے سفری دستاویزات کی ری چیکنگ کے معاملے پر حکام نے مسافروں کی پریشانی کے پیش نظر نئی ہدایات جاری کردیں۔
اسپیشل چیکنگ کے لئے 2005 سے نافذ العمل اسٹینڈنگ آرڈر کے بلاجواز استعمال کا نوٹس لے لیا گیا چیکنگ پر مامور افسران کے لیے نیا ضابطہ کار تشکیل دے دیا گیا ہے۔
اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ ایف آئی اے کی جانب سے ایک مراسلہ جاری کیا گیا ہے جس کے مطابق اب امیگریشن کے بعد ہر مسافر کی ری چیکنگ نہیں ہوگی۔
مراسلہ میں کہا گیا ہے کہ مشکوک افراد کے علاوہ تمام مسافروں کے سفری دستاویزات کی ری چیکنگ پر پابندی عائد کردی گئی ہے، خواتین، بچے ، بوڑھے، معذور اور بیمار افراد ری چیکنگ سے مشنی قرار دیئے گئے ہیں۔
ایف آئی اے کے مراسلے میں ہدایات دی گئی ہیں کہ تمام مسافروں کی ری چیکنگ سے مسافروں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے، حالات کے مطابق فلائٹ کے 10 فیصد سے زائد افراد کو ری چیکنگ سے نہ گزارا جائے۔
اس سلسلے میں ملک بھر کے تمام امیگریشن چیک پوسٹ حکام کو اسٹنڈنگ آرڈر نمبر 31 کے ذریعے آگاہ کردیا گیا ہے، ایڈیشنل ڈی جی امیگریشن نے تمام امیگریشن چیک پوسٹ حکام کو مراسلہ بھجوا دیا۔
واضح رہے کہ وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے دورہ کراچی کے موقع پر ایئرپورٹ امیگریشن کاؤنٹرز کا دورہ کیا تھا، وزیر داخلہ کے دورے کے بعد نیا اسٹینڈنگ آرڈر جاری کیا گیا ہے۔
بیرون ملک سے بے دخل کیے گئے مسافروں کو ائیرپورٹ پرایف آئی اے کی جانب سے کھانا اور دیگر ضروری اشاء بھی فراہم کی جائیں گی۔