پاکستان میں اقلیتوں کو مکمل مذہبی آزاد ی حاصل ہے اور تمام اقلیتیں اپنے عقیدوں کے مطابق زندگی بسر کر رہی ہیں ٗراجہ ظفر الحق

 
0
411

اسلام آباد اگست 04.(ٹی این ایس ) سینیٹ میں قائد ایوان راجہ ظفر الحق نے کہا ہے کہ پاکستان میں اقلیتوں کو مکمل مذہبی آزاد ی حاصل ہے اور تمام اقلیتیں اپنے عقیدوں کے مطابق زندگی بسر کر رہی ہیں ، پاکستان کی ترقی میں اقلیتوں کا کردار قابل تحسین ہے، بشپ ڈاکٹر جوزف ارشد نے پاکستان کی محبت میں ڈوب کر جو شاعری اور ملی نغمات لکھے، اس سے مذہب ، پاکستان اور انسانیت کا مقام بلند ہوا ہے ان کی خدمات کو قدر کی نگاہ سے دیکھا جائے گا ، ملی نغمات پاکستان سے بھر پور محبت و عقیدت کا اظہار ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان کی 70ویں یوم آزادی کے موقع پر ڈاکٹر جوزف ارشد کے ملی نغمات کے ڈی وی ڈی البم کی تقریب رونمائی سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔راجہ ظفر الحق نے کہا کہ دنیا کا ہر مذہب انسانیت کی عزت و احترام کا درس دیتا ہے، ہر مذہب کی یہ روح ہے کہ خدا کے بندوں سے محبت کی جائے ، قیام پاکستان کے وقت قائد اعظم محمد علی جناح نے فرمایا تھا کہ پاکستان میں بسنے والی اقلیتوں کو مکمل مذہبی آزادی حاصل ہو گی اور یہاں پر رہنے والاہر ایک پاکستانی ہے ۔انہوں نے کہاکہ دنیا میں وہی انسان سب سے بہتر ہے جس کا اخلاق دوسرے کے ساتھ اچھا ہو ۔ ملی نغموں کی ڈی وی ڈی کی تقریب رونمائی سے اراکین قومی اسمبلی اسفند یار بھنڈارا ، آسیہ ناصر اور پروگرام کے آرگنائزر فادر سہیل پیٹرک، ڈائریکٹر کیتھولک قومی ادارہ برائے بین المذاہب ہم آہنگی ، بشپ ڈاکٹر جوزف ارشد نے بھی خطاب کرتے ہوئے پوری قوم کو جشن آزادی کی مبارکباد پیش کی ۔پروگرام کے آخر میں جشن آزادی پاکستان کا کیک کاٹا گیا۔