سپریم کورٹ کا ڈینیئل پرل قتل کیس کے ملزمان کو رہا کرنےکا حکم

 
0
304

اسلام آباد 28 جنوری 2021 (ٹی این ایس): سپریم کورٹ آف پاکستان نے ڈینیئل پرل قتل کیس کے ملزمان کو رہا کرنےکا حکم دے دیا ہے۔

پاکستان کی عدالت عظمیٰ نے ڈینئل پرل قتل کیس میں سندھ حکومت کی اپیلیں خارج کردی ہیں۔ جسٹس مشیرعالم کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے فیصلہ سنایا ہے۔

گزشتہ سماعت پرسپریم کورٹ پاکستان نے ڈینئل پرل قتل کیسز میں ملزمان کی رہائی سے متعلق ہائی کورٹ کا حکم معطل کرنے کی استدعا مسترد کر دی تھی۔

عدالت نے کہا تھا کہ ملزمان کو حراست میں رکھنے کا کوئی حکم نہیں تو حکم امتناع کس بات پر دیں؟ کسی کو تاحیات حراست میں نہیں رکھا جا سکتا۔

ایڈووکیٹ جنرل سندھ نے کہا کہ انٹیلی جنس مواد ہے لیکن عدالت میں کیس ثابت نہیں کر سکیں گے۔

خیال رہے کہ سندھ ہائی کورٹ نے 2 اپریل2020 کو امریکی صحافی کے قتل میں نامزد تین ملزمان کی رہائی کا حکم دیا تھا اور ایک ملزم احمد عمر شیخ کی سزائے موت کو 7 سال قید میں تبدیل کیا تھا۔

قبل ازیں انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے مجرم احمد عمر شیخ کو سزائے موت سنائی تھی، جبکہ دیگر تین ملزمان کو عمر قید کی سزا سنائی گئی تھی۔

حکومت سندھ نے ہائی کورٹ کا فیصلہ سپریم کورٹ میں چیلنج کیا تھا اور عدالت عظمیٰ نے صوبائی حکومت کی درخواست مسترد کر دی تھی تاہم ملزم عمر شیخ کی رہائی روک دی گئی تھی۔