فواد چوہدری مشکل میں پھنس گئے، نااہلی کی درخواست سماعت کیلئے مقرر

 
0
217

اسلام آباد 29 جنوری 2021 (ٹی این ایس): اسلام آباد ہائیکورٹ نے اپنے گوشواروں میں اثاثے چھپانے کے الزام پر وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری کو نااہل قرار دینے کی درخواست یکم فروری کو سماعت کے لیے مقرر کر دی۔

اسلام آباد ہائیکورٹ کے رجسٹرار آفس نے آئندہ ہفتے کے مقدمات کی کاز لسٹ جاری کر دی ہے جس کے مطابق فواد چوہدری کے نااہلی کیس کو یکم فروری کو سماعت کے لیے مقرر کیا گیا ہے، چیف جسٹس اطہر من اللہ درخواست گزار سمیع ابراہیم کی درخواست پر سماعت کریں گے۔

عدالت نے درخواست پر فواد چوہدری اور الیکشن کمیشن آف پاکستان کو پہلے ہی نوٹس جاری کر کے جواب طلب کر رکھا ہے۔

درخواست میں فواد چوہدری پر اثاثے چھپانے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ فواد چوہدری نے جہلم کی زمین کو اپنے گوشواروں میں ظاہر نہیں کیا، وہ صادق اور امین نہیں رہے اس لیے انہیں آئین کے آرٹیکل 62 ون ایف کے تحت نااہل قرار دیا جائے۔