اردن پاکستان کے ساتھ تجارتی تعلقات کو فروغ دینے میں گہری دلچسپی رکھتا ہے۔ ابراہیم المدانی

 
0
3362

باہمی تجارت کو بہتر کرنے کیلئے پاکستان اور اردن آزاد تجارت کا معاہدہ کریں۔ سردار یاسر الیاس خان
اردن کے سرمایہ کار سی پیک منصوبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کریں۔ میاں اکرم فرید
اسلام آباد 11 فروری 2021 (ٹی این ایس): پاکستان میں تعینات اردن کے سفیر جناب ابراہیم المدانی نے سفارتخانے کے ہیڈ آف میشن ڈاکٹر مائین کھر یسوات کے ہمراہ اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا دورہ کیا اورچیمبر کے صدر سردار یاسر الیاس خان، سینئر نائب صدر فاطمہ عظیم، نائب صدر عبدالرحمٰن خان، گروپ چیئرین میاں اکرم فرید اور تاجر برادری کے دیگر ممبران کے ساتھ اردن اور پاکستان کے مابین دوطرفہ تجارتی اور معاشی تعلقات کو مزید فروغ دینے کے امور پر تفصیل سے تبادلہ خیال کیا۔

اس موقع پر تاجر برادری سے خطاب کرتے ہوئے ابراہیم المدانی نے کہا کہ اردن پاکستان کے ساتھ اپنے برادرانہ تعلقات کی بہت قدر کرتا ہے اورپاکستان کے ساتھ تجارتی تعلقات کو مزید فروغ دینے میں گہری دلچسپی رکھتا ہے کیونکہ دونوں ممالک متعدد شعبوں میں ایک دوسرے کے ساتھ تجارتی کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اردن اور پاکستان مشترکہ مذہب، ثقافت اور اقدار رکھتے ہیں جو انہیں تجارتی اور معاشی تعلقات کو مزید ترقی دینے کے لئے مضبوط بنیادیں فراہم کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اردن اپنے نجی شعبے کو بااختیار بنارہا ہے، آزاد معیشت کی طرف پیش رفت کر رہا ہے دیگر ممالک کے ساتھ جوائنٹ وینچرز کی حوصلہ افزائی کرتا ہے لہذا پاکستان کی تاجر برادی اردن کے فری اکنامک زونز میں جوائنٹ وینچرز اور سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کرنے پر توجہ دے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک سیاحت، فارماسوٹیکلز، زراعت، دفاع اور دیگر شعبوں میں ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کرنے کی عمدہ صلاحیت رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایک دوسرے کے ملک میں منعقد ہونے والی تجارتی نمائشوں میں شرکت کر کے اور تجارتی وفود کا تبادلہ بڑھا کر اردن اور پاکستان باہمی تجارت میں بہتر اضافہ کر سکتے ہیں۔

اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر سردار یاسر الیاس خان نے پاکستان اور اردن موجودہ باہمی تجارت صرف پانج سے چھ کروڑ ڈالر تک ہے جو دونوں ممالک کی صلاحیت کو مدنظر رکھتے ہوئے بہت ہی کم ہے لہذا انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ دونوں ممالک دوطرفہ تجارت کو بہتر کرنے کیلئے نجی شعبوں کے ساتھ ہر ممکن تعاون کریں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور اردن تجارتی رکاوٹوں کو دور کرنے اور تجارتی حجم کو بہتر کرنے کے لئے آزاد تجارتی معاہدے پر دستخط کرنے کی کوشش کریں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اب صنعتی ترقی کی طرف مثبت پیشرفت کر رہا ہے جبکہ ملک کی ٹریڈ باڈیز سیاحت، صنعت اور سروسز سمیت معیشت کے دیگر اہم شعبوں کو مزید فروغ دینے کے لئے حکومت سے پالیسی اصلاحات پر زور دے رہی ہیں لہذا یہی مناسب وقت ہے کہ اردن کی بزنس کمیونٹی پاکستان میں کاروبار اور سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کرے۔

آئی سی سی آئی فاؤنڈر گروپ کے چیئرمین میاں اکرم فرید نے کہا کہ سی پیک کی دوسرے مرحلے پر عمل درآمد سے پاکستان میں صنعتی ترقی کا عمل تیز ہو گا جبکہ سی پیک منصوبوں میں غیر ملکی سرمایہ کاروں کیلئے بھی پرکشش مواقع موجود ہیں لہذا اردن کے سرمایہ کار پاکستان کا دورہ کر کے ان مواقعوں سے فائدہ ا ٹھانے کی کوشش کریں۔ انہوں نے کہا کہ اردن اپنا ایک تجارتی وفد پاکستان کے دورے پر بھیجے تا کہ باہمی تعاون کی نئی راہیں تلاش کی جا سکیں اور یقین دہانی کرائی کہ چیمبر وفد کے دورے کو کامیاب بنانے کے لئے ہر ممکن تعاون فراہم کرے گا۔

چیمبر کی سینئر نائب صدر فاطمہ عظم اور نائب صدر عبد الرحمن خان نے کہا کہ مشترکہ مذہب اور ثقافت کی وجہ سے دونوں ممالک کی کاروباری برادری ایک دوسرے کے ساتھ کاروبار کرنے کو ترجیح دیتی ہے تاہم ضرورت اس بات کی ہے کہ پاکستان اور اردن کی حکومتیں نجی شعبوں کو ہرممکن تعاون فراہم کریں تا کہ وہ دونوں ممالک کے درمیان کاروباری تعلقات کو مزید مستحکم کرنے میں اپنا فعال کردار ادا کریں۔

اسلم کھوکھر، عبد الرحمن صدیقی، جاوید اقبال، محمد شاکر، راجہ حسن اختر، چوہدری اشرف فرزند، خالد چوہدری، نوید ملک، محترمہ نیلم خالد چوہدری، محترمہ ناصر علی اور تاجر برادری کے دیگر ممبران بھی اس موقع پر موجود تھے۔