انڈونیشیا میں بارشوں اور لینڈ سلائیڈنگ سے 10 افراد ہلاک، متعدد لاپتہ

 
0
631

انڈونیشیا 16 فروری 2021 (ٹی این ایس): انڈونیشیا میں مسلسل ہونے والی بارشوں کے دوران مٹی کا تودہ گھروں پر گر گیا جس کے نتیجے میں 10 افراد ہلاک ہوگئے جب کہ 4 بچوں سمیت متعدد افراد تاحال لاتپہ ہیں۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق انڈونیشیا کے مرکزی جزیرے جاوا پر مسلسل ہونے والی بارشوں نے تباہی مچادی اور اس دوران مٹی کا تودہ گرنے سے چار گھر تباہ ہوگئے، ملبے میں 5 خاندانوں کے درجنوں افراد دب گئے۔

بارشوں اور خراب موسم کے باعث امدادی کاموں میں تاخیر ہوئی، مٹی کے تودے سے 10 افراد کی لاشیں نکالی گئی ہیں جب کہ 4 بچوں سمیت درجنوں افراد لاپتہ ہیں جس کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔

گزشتہ روز بھی ایک اور دوسرے علاقے میں مٹی کا تودہ گرنے کے واقعے میں 21 افراد ملبے تلے دب کر ہلاک ہو گئے تھے۔ بارشوں اور لینڈ سلائیڈنگ کے باعث بے گھر ہونے والوں کے لیے ریلیف کیمپ قائم کردیئے گئے ہیں۔

واضح رہے کہ انڈونیشیا میں جزیروں کی تعداد 17 ہزار ہے اور ہر سال زلزلوں، سونامی اور بارشوں کی وجہ سے سیکڑوں افراد ہلاک ہو جاتے ہیں جب کہ 15 جنوری کو آنے والے خوفناک زلزلے میں 35 سے زائد افراد ہلاک اور 600 زخمی ہوگئے تھے اور اکتوبر 2018 میں سونامی نے 5 ہزار سے زائد افراد کی جانیں نگل لی تھیں۔