فرائض کی ادائیگی میں شہید ہونے والے پنجاب پولیس کے بہادر سپوتوں اور دیگر شہریوں کی عظیم قربانی رائیگاں نہیں جائیگی، شہبازشریف

 
0
459

لاہور جولائی24(ٹی این ایس )وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریفنے کوٹ لکھپت سبزی منڈی میں دھماکے کی شدید الفاظ میں سخت مذمت کی ہے۔وزیر اعلی نے دھماکے میں پولیس اہلکاروں سمیت شہریوں کے جاں بحق ہونے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہارکرتے ہوئے کہا ہے کہ ایسی بزدلانہ کارروائی کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔ وزیر اعلی نے شہید پولیس اہلکاروں اور دیگرافرادکے لواحقین سے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ان سے دلی ہمدردی اور تعزیت کی ہے اور انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ دھماکے میں زخمی ہونے والے افراد کوہسپتالوں میں علاج معالجے کی بہترین سہولتیں فراہم کی جائیں او رمحکمہ صحت کے اعلیٰ حکام زخمیوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولتوں کی ذاتی طور پر نگرانی کریں۔وزیر اعلی نے قائمقام انسپکٹر جنرل پولیس سے واقعہ کی رپورٹ طلب کر لی ہے اورواقعہ کی تحقیقات کا حکم دیاہے ۔وزیراعلی نے ہدایت کی ہے کہ اس اندوہناک واقعہ کے ذمہ داروں کو جلد سے جلد قانون کی گرفت میں لایا جائے۔

وزیر اعلی نے کہا کہ جن سفاک درندوں نے معصوم انسانی زندگیاں چھینی ہیں ، وہ قرار واقعی سزا سے بچ نہیں پائیں گے ۔فرائض کی ادائیگی میں شہید ہونے والے پنجاب پولیس کے بہادر سپوتوں اور دیگر شہریوں کی عظیم قربانی رائیگاں نہیں جائے گی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ معصوم لوگوں کو نشانہ بنانے والے سفاک درندے کسی رعایت کے مستحق نہیں۔ انہوں نے کہا کہ میری اور پنجاب حکومت کی تمام تر ہمدردیاں جاں بحق ہونے والے افراد کے لواحقین کے ساتھ ہیں اور پنجاب حکومت جاں بحق افراد کے لواحقین کے غم میں برابر کی شریک ہے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ آج دہشت گردی کا بدترین واقعہ ہواہے جس میں پولیس اہلکاروں سمیت دیگر افراد شہید ہوئے ہیں اورجن سفاک درندوں نے معصوم لوگوں کے خون سے ہاتھ رنگے ہیں، وہ اور ان کے سہولت کار عبرتناک انجام کو پہنچیں گے۔انہوں نے کہا کہ شہید ہونے والے پنجاب پولیس کے اہلکاروں اور دیگر افراد کی عظیم قربانی کو قوم سلام پیش کرتی ہے اور ہم اپنے بہادر سپوتوں کے خون کا بدلہ ضرور لیں گے اور جب تک آخری دہشت گردکا خاتمہ نہیں ہو جاتا ،ہم چین سے نہیں بیٹھیں گے ۔ انہوں نے کہاکہ لاہور میں دھماکہ پاکستان کے دشمنوں کی گھناؤنی سازش ہے۔دہشت گردی کے اس واقعہ میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر ہر آنکھ اشکبار ہے۔ دہشت گرد انسانیت کے سفاک دشمن ہیں۔انہوں نے کہاکہ معصوم انسانوں کے خون سے ہاتھ رنگنے والے کیفرکردار تک ضرور پہنچیں گے۔ پوری قوم دہشت گردی کے اس واقعہ میں جاں بحق ہونے والوں کے لواحقین کے غم میں برابر کی شریک ہے۔ امن کے دشمنوں کی ایسی بزدلانہ کارروائیاں قوم کے پختہ عزم کو کمزور نہیں کر سکتیں۔